کراچی(پ ر) علامہ سید شاہ تراب الحق قادری نے کہا ہے کہ ملت اسلامیہ کے دور انحطاط میں صوفیائے کرام نے کردار و عمل سے اہل اسلام کی تطہیر کا فریضہ سرانجام دیا۔انہوں نے کہا کہ ہر دور میں علماء و مشائخ نے ملت اسلامیہ کی رہبری و رہنمائی کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر جماعت اہلسنت میں لندن سے آئے ہوئے ممتاز عالم دین علامہ مفتی اشفاق احمد رضوی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ ابرار احمد رحمانی، محمد حسین لاکھانی، قاضی نورالاسلام شمس، مولانا خلیل الرحمان چشتی، محمد احمد صدیقی، مولانا الطاف قادری، جاوید قادری، صاحبزادہ فخر الحسن شاہ، مولانا محمود حسین شاہ و دیگر بھی موجود تھے۔ علامہ سید شاہ تراب الحق قادری نے کہا کہ جماعت اہلسنت پاکستان مسلم امہ اور علماء و مشائخ کو منظم و متحد کرنے کیلئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جماعت اہلسنت نے تحفظ ختم نبوت، تحفظ ناموس رسالت اور نظام مصطفی جیسی کامیاب تحریکیں چلائیں۔ علماء اور عوام نے اللہ اور اس کے رسول سے اپنی عقیدت کا اظہار گرانقدر قربانیوں کی صورت میں کیا۔علامہ مفتی اشفاق احمد رضوی نے کہا کہ اسوہٴ مصطفی کو رہنمائے منزل بنا کر ہی دور حاضر کے سماجی، معاشی، معاشرتی، قانونی اور عالمی مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ اسلام ابدی دین ہے، دنیائے انسانیت کے حقوق کا ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا کو اخلاقی اور معاشرتی زوال سے بچانے کیلئے اسلام کی آفاقی تعلیمات کو عملی طور پر نافذ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر قسم کے تعصبات سے بالاتر ہو کر اسلام کے اجتماعی مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے تمام علماء و مشائخ کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر اسلام کی نشاة ثانیہ کیلئے عملی جدوجہد کرنا ہوگی۔