کراچی (اسٹاف رپورٹر) معین آباد‘ ملیر میں منی ٹرک اور ریل کے تصادم میں جاں بحق ہونے والے جماعت اہلسنت ملیر ٹاؤن کے کارکنان محمد شاہد قادری اور محمد احمد قادری کی نماز جنازہ جماعت اہلسنت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ تراب الحق قادری نے جامع مسجد چشتی‘ معین آباد‘ ملیر میں پڑھائی۔ جبکہ ان کی تدفین ہزاروں سوگواران کی موجودگی میں ماڈل کالونی قبرستان میں ہوئی۔ نماز جنازہ میں جماعت اہلسنت پاکستان کے علامہ ابرار احمد رحمانی‘ محمد حسین لاکھانی‘ علامہ خلیل الرحمان چشتی‘ مولانا محمد رئیس قادری‘ مفتی اکبر الحق قادری‘ مولانا سید راشد علی قادری‘ محمد اظہر خان قادری‘ قاضی نورالالسلام شمس‘ محمد احمد صدیقی علاوہ عزیز و اقارب اور کارکنان اہلسنت نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر علامہ سید شاہ تراب الحق قادری نے حادثے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے لائن پر پھاٹک نہ ہونے کی وجہ سے حادثات معمول بن گئے ہیں۔ شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوچکا‘ صوبائی اور شہری حکومتیں ٹریفک کے نظام کو ازسرنو منظم کریں‘ نیز ریلوے انتظامیہ شہر بھر میں ریلوے لائنوں کے اطراف حفاظتی انتظامات کو یقینی بنائے‘ دریں اثناء فاتحہ و سوئم و اجتماعی دعا بعد نماز جمعہ 5 جنوری کو محمد شاہد قادری کی رہائش گاہ MA-91 معین آباد، ملیر محمد احمد قادری MA-64 معین آباد ملیر میں ہوگی۔