ڈینگی وائرس کے بارے میں 10 معلومات و ہدایات
الحمدللہ رب العالمین و الصلوٰۃ و السلام علٰی سیدالمرسلین
اما بعد فاعوذ باللہ من الشیطٰن الرجیم بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
“بیمار مدینہ“ کے دس حروف کی نسبت سے ڈینگی وائرس کے بارے میں 10 معلومات و ہدایات
از شیخ طریقت امیر اہلسنت، بانیء دعوت اسلامی
حضرت علامہ مولٰینا ابو بلال محمد الیاس عطار قادری رضوی دامت برکاتہم العالیہ
(1) آج کل “ڈینگی وائرس“ نے تہلکہ مچا رکھا ہے، جو کہ طبی تحقیق کے مطابق ایک مخصوص یعنی چتکبرے کالے مچھر کے کانٹے سے جسم میں داخل ہوتا ہے۔
(2) یہ چتکبرا کالا مچھر گندگیوں کے بجائے صاف پانی میں پرورش پاتا ہے لٰہذا پانی کے برتنوں اور ٹنکیوں کو ڈھانپ کر رکھنا سخت ضروری ہے۔ اپنے گھر اور اطراف میں تین دن سے زائد پانی جمع نہ رہنے دیا جائے۔
(3) ڈاکٹروں کے نزدیک ڈینگی وائرس کے مریض کے سانس یا چھونے کے ذریعے دوسرے کو اس کی بیماری نہیں لگتی۔ (اسلامی نقطہ نظر سے کوئی بھی بیماری اڑ کر نہیں لگتی اور کوئی بھی مرض موروثی نہیں ہوتا)
(4) ڈینگی وائرس خون جمانے والے خلیات (CELLS) کو کم کر دیتا ہے۔
(5) صرف لیبارٹری ٹیسٹ کے ذریعے ہی اس وائرس کی تشخیص ممکن ہے، یہ ٹیسٹ بخار ہونے کے 5 دن کے بعد کروانا چاہئیے۔
(6) مریض کو 2 تا 5 دن تک مسلسل بخار اور درد سر رہتا ہے۔
(7) تیز بخار کے باعث بعض مریضوں کے جسم میں درد اور جلد پر دھبے بھی پڑھ جاتے ہیں جو کہ عموماً 6 تا 10 روز باقی رہتے ہیں۔
( 8 ) بدن پر دھبوں کے ساتھ ساتھ، مسوڑھوں سے خون، ناک یا منہ سے خون، خون کی الٹی اور فضلے میں خون کی شکایت بھی بعض مریضوں میں پائی گئیں جو کہ اس بیماری کی انتہائی علامت ہے۔
(9) بعض بیمار بہت خطرناک صورت حال سے بھی دو چار ہو جاتے ہیں، ان کے جسم کے مختلف حصوں سے خون نکلنے لگتا، اچانک بلڈپریشر کم ہو جاتا، جسم ٹھنڈا ہو جاتا اور شدید کمزوری محسوس ہوتی ہے، ایسے موقع پر مریض کو فوراً اسپتال لے جانا ضروری ہے۔
(10) اس بیماری کا کوئی مخصوص علاج نہیں، اینٹی بایوٹک اور اینٹی وائرل دوائیں اس مرض میں کارآمد نہیں۔ تاہم طبیب کے مشورہ سے مریض کے بخار کو کم کرنے کی کوشش کی جائے اور اس کو زیادہ سے زیادہ مشروبات مثلاً پانی، جوس اور سوپ وغیرہ دیا جائے۔
ڈینگی کے مریض کے لئے 2 روحانی علاج
(1) یاسلام 33 بار (اول و آخر ایک بار دورد شریف) پڑھ کر ڈینگی کا مریض اپنے اوپر دم کر لے اور پانیپر دم کرکے پئے۔ (یہ عمل روزانہ ایک بار کرنا ہے، دوسرا شخص بھی پڑھ کر دم کر سکتا اور پلا سکتا ہے، یہ عمل ہر مرض کے لئے مفید ہے)
(2) یاسلام کا ورد اٹھتے بیٹھتے، چلتے پھرتے، باوضو بےوضو کرتے رہئیے، انشاءاللہ عزوجل ڈینگی اور ہر طرح کی بیماری و مصیبت سے نجات ملے گی، اور روزی میں بھی برکت حاصل ہو گی۔ (ورد کے دوران وقتاً فوقتاً درود شریف بھی پڑھتے رہئیے)
ڈینگی وائرس سے بچنے کا وظیفہ
یامھیمن 29 بار (اول و آخر ایک بار درود شریف) روزانہ ایک مرتبہ (وقت کی قید نہیں) پڑھنے والا انشاءاللہ عزوجل بمع ڈینگی ہر بیماری و آفت اور ہر رنج و بلا سے محفوظ رہے گا۔ (مخلصاً 40روحانی علاج‘ مطبوعہ مکتبۃالمدینہ)
مدنی علاج
دعوت اسلامی کی سنتوں کی تربیت کے مدنی قافلوں میں عاشقان رسول کے ساتھ سنتوں بھرا سفر کرکے دعاء مانگنے والوں کی خطرناک بیماریوں دور ہونے کی اطلاع ملتی رہتی ہیں مریض مجبور ہو تو گھر کے کسی فرد کو کم از کم تین دن کے لئے مدنی قافلے میں سفر کروا دے۔
نیکی کی دعوت
پانچوں وقت نماز کی پابندی کرتے رہئیے۔
20 شوال المکرم 1427ھ
ملنے کا پتا: مکتبۃ المدینہ فیضان مدینہ کراچی اور اس کی مختلف شاخیں۔