سوال نمبر۲۴:-وہ کون سی طلاق ہے جس کے بعد حلالہ کے سوا چارہ نہیں ؟

جواب :- اگر شوہر نے بیوی کو تین طلاقیں دے دیں تو بغیر حلالہ کے چارہ نہیں ۔خواہ یکبارگی تین طلاقیں دیں یا جدا جدا کرکے ۔ ہر صورت میں اب بغیر حلالہ کے کوئی صورت دوبارہ نکاح میں آنے کی نہیں ۔فرمان باری تعالیٰ ہے ۔ فَاِنۡ طَلَّقَہَا فَلَا تَحِلُّ لَہٗ مِنۡۢ بَعْدُ حَتّٰی تَنۡکِحَ زَوْجًا غَیۡرَہٗ ؕ ترجمہ کنزالایمان: پھر اگر (شوہر نے)تیسری طلاق اسے(عورت کو) دی تو اب وہ عورت اسے (پہلے شوہرکیلئے) حلال نہ ہوگی جب تک دوسرے خاوند کے پاس نہ رہے۔(البقرۃ۲۳۰) اور یہی بات بخاری و مسلم او دیگر کتب احادیث میں نبی کریم رؤف رّحیم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے ایک صحابی حضرت رفاعۃ رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کی بیوی سے فرمائی ۔