حدیث نمبر :197

روایت ہے حضرت سمرہ ابن جندب اور مغیرہ ابن شعبہ سے ۱؎ فرماتے ہیں فرمایا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے جو میری طرف سے ایسی بات نقل کرے جسےجھوٹ جانتا ہے تو وہ جھوٹوں میں سے ایک ہے۲؎(مسلم)

شرح

۱؎ سمرہ قبیلہ بنی نزار سے ہیں،انصار کے حلیف ہیں،بہت احادیث کے حافظ ہیں، ۵۹ھ؁ میں بصرے میں وفات پائی۔حضرت مغیرہ بنی ثقیف سے ہیں،خندق کے سال اسلام لائے،ہجرت کرکے مدینہ طیبہ آگئے،امیر معاویہ کی طرف سے کوفہ کے حاکم رہے،ستر سال عمر ہوئی، ۵۰ھ؁ کوفہ میں وفات ہوئی۔

۲؎ یعنی حدیث گھڑنا بھی گناہ اور دیدہ ودانستہ موضوع حدیث بیان کرنا بھی گناہ،بلکہ جس حدیث کے متعلق موضوع ہونے کا گمان غالب ہواسے بھی بیان نہ کرے فقط موضوعیت کا وہم کافی نہیں،ہاں اس کی موضوعیت بتا کر ذکر کرنا جائز ہے تاکہ لوگ بچیں۔