حدیث نمبر :216

روایت ہے حضرت ابوہریرہ سے فرماتے ہیں فرمایا رسول ا ﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے دوخصلتیں منافق میں جمع نہیں ہوتیں اچھے اخلاق اور نہ دینی فقہ ۱؎ (ترمذی)

شرح

۱؎ ظاہر یہ ہے کہ منافق سے مراد منافق اعتقادی ہے نہ کہ عملی،یعنی دل کا کافر زبان کا مؤمن اور خوش خلقی سے مراد اخلاق محمدی اور دینی فقہ سے دین کی سچی سمجھ ہے۔مطلب یہ ہے کہ نفاق کے ساتھ نہ دینی اخلاق جمع ہوں نہ دینی علم،منافق اسلامی اخلاق سے بھی محروم اور دین سے بھی،کیونکہ یہ نور ہیں ظلمت کے ساتھ کیسے جمع ہوجائیں رب تعالٰی فرماتا ہے:”لَّا یَمَسُّہٗۤ اِلَّاالْمُطَہَّرُوۡنَ “دل کے گندے قران کو چھوبھی نہیں سکتے ان کا یہ حال ہے۔شعر

کتابیں پڑھیں دینداری نہ آئی بخار آگیا پربخاری نہ آئی

امام شافعی فرماتے ہیں”فَاِنَّ الْعِلْمَ نُوْرٌ مِّنْ اِلٰہٍ وَاِنَّ النُّوْرَ لَا یُعْطٰی لِعَاصٍ”علم واخلاق بقدرتقویٰ ملتے ہیں۔گندے گھر میں بادشاہ نہیں آتا اور گندے دل میں حضور کے اخلا ق اورحضور کا علم نہیں سماتے۔