تدوین حدیث

تدوین حدیث

حفاظت حدیث کی تفصیل آپ پڑھ چکے اور صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم کی جدوجہد اورکامل احتیاط کے نمونے ملاحظہ فرماچکے ،اب بتانا یہ ہے کہ اس حفاظت کی کوئی اہمیت نہ سمجھنے والے مستشرقین اورمنکرین حدیث نے ایک افسانہ گڑھا کہ چونکہ حدیث کاسارا ذخیرہ پہلی صدی بلکہ دوسری صدی تک زبانی ہے اوراس طویل مدت میں اسکی حفاظت لوح وقلم کے بغیر ہوہی نہیں سکتی لہذا یہ سب ناقابل اعتبار ہیں ،ہم اس باب میں اسی فریب کا پردہ چاک کرکے حقیقت کا آئینہ دکھائیںگے ۔

اول تو یہ سمجھناہی غلط وباطل کہ دوسوسال تک احادیث محض زبانوں تک محدود تھیں ،ہم نے واضح کردیا کہ صحابہ کرام نے اس ذخیرہ کو اپنے لئے منارئہ نور سمجھا تھا اوراس مبارک جماعت نے اپنے سینوں میں محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ عمل وکردار سے بھی اسکی ترویج واشاعت شروع کردی تھی ، تابعین نے انکی زندگیوں کو بچشم خود ملاحظہ کیا تھا لہذا ببانگ دہل اعلان کرتے کہ ہم نے فلاں صحابی کودیکھا توانکی حیات طیبہ سنت نبوی کا آئینہ تھی ،فلاں کا دیدار کیا تو وہ اسوئہ رسول کا مجموعہ تھے ۔اورفلاں کے دیدار سے جب شادکام ہوئے توہم نے انکے شب وروز اورشام وسحر میں اتباع رسول کی جلوہ سامانیاں ہی ملاحظہ کیں ، گویا صحابہ کرام اپنے تابعین کوزبانی تعلیمات کے ساتھ عمل وکردار کا خوگر بھی بناناچاہتے تھے جسکی تعلیم انہوں نے خاموش عمل سے دی ،ان حضرات کا مطمح نظر خاص طور پر یہ بھی تھا کہ دینی تعلیمات کو منتقل کرناوہ اپنا دینی فریضہ سمجھتے تھے ۔کیونکہ خیرالامم کالقب پانے والے امربالمعروف ونہی عن المنکر کواپنا شعار نہ بناتے تو پھر آئندہ اورکون اس پر عمل کرتا ۔

ان تمام حقائق کے باوجود انہوں نے اسی پر اکتفا نہیں کیا بلکہ آئندہ پیداہونے والے مستشرقین اورمنکرین حدیث کے منہ توڑ جواب کیلئے بھی ہمیں بہت کچھ مواد فراہم کردیا۔

چونکہ ان معترضین کے نزدیک حفاظت کاطریقہ محض کتابت اور قلم وقرطاس کامیدان عمل ہی ہے لہذا ہم وہ حقائق پیش کررہے ہیں جن سے یہ واضح ہوجائیگا کہ کسی علم وفن کی حفاظت لوح وقلم کے ذریعہ کہاں تک ہوتی ہے اورعلم حدیث پر اسکے کیسے اثرات مرتب ہوئے اورکتابت کی منزل میں آجانے اوراسی پر تکیہ کرلینے کے سلسلہ میں علمائے حق کاکیا تاثر رہاہے، ساتھ ہی دور صحابہ سے لیکر چوتھی پانچویں صدی تک باقاعدہ تدوین وکتابت کے منازل بھی آپ ملاحظہ کریںگے ۔

جواب دیجئے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.