آثار وضو

حدیث نمبر :286

روایت ہے حضرت ابوہریرہ سے فرماتے ہیں کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم قبرستان تشریف لے گئے تو فرمایا اے مؤمن قوم کی جماعت تم پر سلام ہو ۱؎ ان شاءاﷲ ہم بھی تم سے ملنے والے ہیں۲؎ مجھے یہ تمنا ہے کہ اپنے بھائیوں کو دیکھتا۳؎صحابہ نے عرض کیایارسول اﷲ کیا ہم آپ کے بھائی نہیں فرمایا تم میرے ساتھی دوست ہو،ہمارے بھائی وہ ہیں جو اب تک آئے نہیں۴؎ لوگوں نے عرض کیا،کیا آپ کے جو امتی اب تک نہیں آئے انہیں حضور کیسے پہچانیں گے؟۵؎ فرمایا بتاؤ تو اگر کسی شخص کے گھوڑے پنج کلیان ہوں اور وہ نہایت سیاہ گھوڑوں میں مخلوط ہوگئے ہوں کیا یہ اپنے گھوڑے نہ پہچان لے گا ؟۶؎ بولے ہاں یارسول اﷲ!فرمایا وہ آثار وضو سے پنج کلیان آئیں گے اور میں حوض پر ان کا پیش رَوہوں گا ۷؎

شرح

۱؎ مقبرہ سے مراد مدینہ منورہ کا قبرستان جنت البقیع ہے،جہاں حضور زیارت قبور کے لیے تشریف لے جاتے تھے۔دَار کے معنی گھر اور حویلی ہیں،اھل پوشیدہ ہے یعنی گھر والے۔مرقاۃ نے فرمایا عوام کی قبور پر پہنچ کر سلام کرنا سنت ہے،کیونکہ مردے زائرین کو دیکھتے ہیں،پہچانتے ہیں،اس کے کلام وسلام کو سنتے اورسمجھتے ہیں،کیونکہ نہ سننے والے اور نہ جواب دے سکنے والے کو سلام کرنا منع ہے،رب فرماتا ہے:”وَ اِذَا حُیِّیۡتُمۡ بِتَحِیَّۃٍ فَحَیُّوۡا بِاَحْسَنَ مِنْہَاۤ” الایۃ۔اس سےمعلوم ہوا کہ مردوں اورزندوں کوسلام یکساں کیا جائے یعنی اس طرح کہ سلام پہلے علیکم بعد میں،وہ جو حدیث میں ہے کہ علیکم السلام مردوں کا سلام ہے،اس سے مراد یہ ہے کہ جب مردے آپس میں ایک دوسرے سے ملتے ہیں تب یہ سلام کرتے ہیں لہذا یہ حدیث اس کے خلاف نہیں۔

۲؎ یعنی عنقریب وفات پا کر تم سے ملاقات کریں گے۔ان شاءاﷲ برکت کے لیے فرمایا ورنہ موت تو یقینی ہے یا ایمان پر خاتمہ اورکسی خاص جگہ مرنا ہم لوگوں کے لیے مشکوک ہے۔یعنی اگر اﷲ نے چاہا تو ہم ایمان پر مرکر مؤمن وں سے ملیں گے۔یہ سب کچھ امت کی تعلیم کے لیے ہے۔

۳؎ یعنی آئندہ پیدا ہونے والے مسلمانوں سے حیات ظاہری میں ملاقات کرتا،ورنہ حضورصلی اللہ علیہ وسلم ساری امت کو دیکھ رہے ہیں ان کو اپنا بھائی فرمانا انتہائی کرم کریمانہ ہے،امت کو یہ جائز نہیں کہ حضور کو اپنا بھائی کہے۔بادشاہ اپنی رعایاسےکہتا ہے کہ میں آپ کا بھائی اور خادم ہوں لیکن اگر رعایا اسے خادم کہہ کر پکارے سزا پائے گی۔رب فرماتا ہے:”لَا تَجْعَلُوۡا دُعَآءَ الرَّسُوۡلِ”اَلْآیۃ۔

۴؎ یعنی تم بھائی بھی ہواورصحابی بھی اورجولوگ مسلمان آیندہ آنے والے ہیں وہ صرف بھائی ہوں گے صحابی نہ ہوں گے۔خیال رہے کہ بھائی ہونا ظاہری لحاظ سے ہے رشتۂ ایمانی کی بنا پر،ورنہ حضورامت کے لئے روحانی والدہیں،اوران کی بیویاں مسلمانوں کی مائیں ہیں نہ کہ بھاوجیں،رشتۂ ایمانی سے سگاباپ اور داد ا اسلامی بھائی ہیں،اورحقیقی ماں اوربیوی اسلامی بہنیں،مگر اس رشتہ کی بنا پر ان لوگوں کو نہ بھائی بہن کہا جاتا ہے،اور نہ ان پر بھائی بہن کے احکام مرتب،حتی کہ اگر بیوی کو بہن سے تشبیہ بھی دے تو ظہار ہوجاتا ہے،جس کی سزا میں ساٹھ روزے کفارہ واجب ہے۔تو جو حضور کو بھائی کہے اور سمجھے وہ بھی سخت سزا کا مستحق ہے۔

۵؎ صحابہ کا یہ سوال حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے علم کی نفی کی بنا پر نہیں،ذریعۂ علم کے متعلق ہے،یعنی جن مسلمانوں کو دنیا میں آپ نے زندگی شریف میں ظاہری نگاہ سے نہیں دیکھا انہیں کل قیامت میں کیسے پہچانیں گے اور کیسے شفاعت کریں گے،محض نورنبوت یا وحی سے کچھ ان میں علامتیں بھی ہوں گی جن سے ہم بھی پہچان سکیں ورنہ صحابہ کا تو یہ عقیدہ تھا کہ حضور کو اپنی ساری امت کے کھلے چھپے ایک ایک عمل کی خبر ہے۔حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنھا نے سوال کیا تھا کہ کیا آپ کی امت میں کسی کی نیکیاں آسمان کے تاروں کے برابر بھی ہیں؟فرمایا ہاں عمر کی،یہ سوال و جواب علیم وخبیرسے ہی ہوسکتے ہیں۔

۶؎ سبحان اﷲ! کیا نفیس تمثیل ہے کہ جیسے پنج کلیان گھوڑا کالے گھوڑوں میں نہیں چھپتا ایسے ہی میری امت دیگر امتوں میں نہیں چھپے گی۔اس کا مطلب یہ نہیں کہ پچھلی امتوں کے سارے مؤمن سیاہ روہونگے،سیاہ روئی تو صرف کفار کے لیےہے۔مطلب یہ ہے کہ آثار وضوءکی خاص چمک صرف امت مصطفوی پر ہوگی۔

۷؎ حوض سے مراد حوض کوثر ہے جو ہمارے حضور کا ہے،اور نبیوں کے بھی حوض ہوں گے مگر کوثر کسی کا بھی نہیں۔فرط اسے کہتے ہیں جو آگے پہنچ کر انتظام فرمائے۔مطلب یہ ہے کہ کوثر پر ہم تم سے پہلے پہنچ کر تمہارا انتظام اورانتظار فرمائیں گے،تمہیں اپنے انتظام سے پانی پلائیں گے۔حوض کی پوری تحقیق انشاء اﷲ "باب حوض”میں آئے گی۔

جواب دیں

Fill in your details below or click an icon to log in:

WordPress.com Logo

آپ اپنے WordPress.com اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ لاگ آؤٹ /  تبدیل کریں )

Google+ photo

آپ اپنے Google+ اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ لاگ آؤٹ /  تبدیل کریں )

Twitter picture

آپ اپنے Twitter اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ لاگ آؤٹ /  تبدیل کریں )

Facebook photo

آپ اپنے Facebook اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ لاگ آؤٹ /  تبدیل کریں )

Connecting to %s

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.