حدیث نمبر :526

روایت ہے حضرت عدی ابن ثابت سے ۱؎ وہ اپنے والد سے وہ ان کے دادا سے راوی يحيى ابن معین کہتے ہیں کہ عدی کے دادا کانام دینارہے وہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے راوی کہ حضورصلی اللہ علیہ وسلم نے استحاضہ والی کے لیئے فرمایا کہ وہ اپنے حیض کے زمانہ میں جن میں اسے حیض آتا تھانمازچھوڑدیا کرے پھرنہائے اورہرنمازکے وقت وضوکرے ۲؎ اور روزے رکھے اورنمازپڑھے۳؎(ترمذی،ابوداؤد)

شرح

۱؎ یہ عدی کوفی ہے،انصاری ہے،اس پر رفض کا شبہ کیا گیا ہے۔(مرقاۃ)بعض نے فرمایا کہ ثابت ان کے باپ کا نام ہے،بعض نے فرمایا دادا کا نام ہے اوردینارپڑدادا،باپ کا نام قیس ابن الحطیم ہے۔وا ﷲ اعلم!عدی کوفہ میں روافض کی مسجدکا امام تھا، ۱۱۶ ھ؁ میں فوت ہوا۔

۲؎ یعنی غسل تو صرف ایک بار کرے حیض ختم ہونے پراور وضو ہرنمازکے وقت کیا کرے،جیسا کہ مستحاضہ عورت کا حکم ہے لہذا “عِنْدَکُلِّ صَلوٰۃٍ” تَتَوَضَّاہُ کا ظرف ہے نہ کہ تَغْتَسِلُ کا۔

۳؎ چونکہ روزہ مستحاضہ کے لئے نماز سے زیادہ اہم ہے کہ اس پر زمانۂ حیض کے روزوں کی قضاءہے،نمازکی نہیں لہذا روزے کونمازپرمقدم رکھاگیا۔