فواد چودھری قمری کیلنڈر کی توثیق پوپلزئی سے کرادیں

وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی جناب فواد حسن چودھری سے بھی ہمیں ہمدردی ہے کہ وزارتِ اطلاعات جانے کے بعد میڈیا پر روزانہ رونمائی کا موقع نہیں رہا ،سو انہوں نے بھی رؤیت ہلال کو اپنی طبع نازک کا موضوع بنایا ہے ، انہیں خوش آمدید۔ ہم منتظر ہیں کہ وہ اپنے ماہرین کی ٹیم سے رؤیت ہلال کا کئی برسوں کا پیشگی کیلنڈر بناکر اُس کی جنابِ مفتی شہاب الدین پوپلزئی سے توثیق کرادیں ، ہر سو فواد چودھری صاحب کے ڈنکے بجیں گے، جبکہ حال یہ ہے کہ پوری ریاست جنابِ پوپلزئی کے سامنے بے بس ہے۔

جنابِ فواد چودھری کی کمیٹی میں جنابِ غلام مرتضیٰ ڈپٹی چیف منیجر اسپیس سائنس سپارکوبطورِ رکن ہیں اور شاید انہیں معلوم نہیں ہے کہ وہ کافی عرصے سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے باقاعدہ رکن ہیں۔ جہاں تک محکمۂ موسمیات کا تعلق ہے ،اُن کی پیش گوئیاں ریکارڈ پر ہیں اور مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس میٹ کمپلیکس ہی میں ہوتا ہے، لیکن کوئی حقائق سے آنکھیں چرانے پر ادھار کھائے بیٹھا ہو تو اس کا علاج کسی کے پاس نہیں ہے۔( از مفتی منیب الرحمٰن صاحب ، روزنامہ جنگ 2019-05-12)