دربارِ رسول ﷺ

ہے کرم آپ کا سرکار رسولِ عربی

پھر دکھایا مجھے دربار رسولِ عربی

ایسے عاصی کو مدینے کا بنایا مہماں

جو ہے سر تا پا خطا کار رسولِ عربی

بھردو بھر دو میرے آقا میری جھولی بھر دو

میں بھی ہوں حاضرِ دربار رسولِ عربی

صدقہ حسنین کا دیدو مِرے آقا مجھ کو

میں کرم کا ہوں طلب گار رسولِ عربی

واسطہ پیارے رضا کا تمہیں دیتا ہوں شہا

اپنا کہہ دو سگِ دربار رسولِ عربی

عرضِ شاکرؔ میرے آقا ہے یہ وقتِ رخصت

پھر دکھانا مجھے دربار رسولِ عربی