*اللہ ﷻ کی حمد اور رسول اللہ ﷺ پر درود*

*از: حکیم الامت مفتی احمد یار خان نعیمی علیہ الرحمہ*

• حمد ہے اللہ جل شانہ’ کو جس نے حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کو پیدا فرمایا، درود ہو حضرت محمد رسول اللہ ﷺ پر جنہوں نے اللہ ﷻ کو ظاہر فرمایا۔

• حمد اس اللہ ﷻ کو جس نے ہمیں انسان کیا، درود ہو اس مصطفیٰ ﷺ پر جنہوں نے ہمیں مسلمان کیا۔

• حمد ہے اس رب کریم ﷻ کی جس نے ہمیں بولنا سکھایا، درود ہو اس نبی رؤف و رحیم ﷺ پر جس نے ہمیں کلمہ پڑھایا۔

• حمد ہے اس رب بے نیاز ﷻ کو جس نے ہمیں ایمان دیا، درود ہو اس صاحبِ تخت و تاج ﷺ پر جس نے ہمیں قرآن دیا۔

• حمد ہے اس مالک یوم الدین ﷻ پر جس نے زمین پر انسان بکھیرے، درود ہو اس شاہِ عرش ﷺ پر جس نے یہ بکھرے ہوئے جمع فرمائے۔

• حمد ہے اس رب ﷻ کو جس نے رنگ برنگا انسان بنایا، درود ہو اس نبی ﷺ پر جس نے ان کو اِک رنگ بنایا۔

صبغۃ اللہ ہست رنگ خم او

ہستھا یک رنگ گردد اندر او

• حمد ہے اس رب ﷻ کو جس نے ہمیں عقل و ہوش دیا، درود ہو اس نبی ﷺ پر جس نے جام عرفان سے متوالا و مدہوش کیا۔

• حمد ہے اس رب ﷻ کو جس نے آسمانِ نبوت پر مختلف تارے کھلائے، درود اس آفتابِ رسالت ﷺ پر جس نے اپنے دامن نور میں سارے تارے چھپائے۔

• حمد اس جبار و قہار ﷻ کو جس نے جہنم کو بھڑکایا، درود اس شفیع روز شمار ﷺ پر جس نے اس بھڑکتے کو بجھایا۔

• حمد ہے اس ستار و غفار ﷻ پر جس نے دار الخلد بنایا، درود ہو اس مدنی سرکار ﷻ پر جس نے اسے بسایا۔

• حمد ہے اس خالق ﷻ کو جس سے سب کو ابتداء ہے، درود ہو اس خاتم ﷻ پر جس پر سب کی انتہا ہے۔

• درود ہو اس نبی ﷻ پر جس نے فرمایا لا الہٰ الا اللہ، حمد ہو اس اللہ ﷻ کو جس نے فرمایا محمد رسول اللہ (صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ واصحابہ وبارک وسلم)۔