اعتراف حقیقت

تحریر :پروفیسر عون محمد سعیدی مصطفوی بہاولپور (12-07-2019)

دعوت اسلامی ایک عالم گیر تنظیم ہے جس کے اہل سنت پر کثیر کثیر احسانات ہیں جن پر میں اس کا شکر گزار ہوں.

.. دعوت اسلامی نے اس وقت جبکہ اہل سنت کی گردن بد مذہبیت کے خونیں پنجوں میں جکڑی ہوئی تھی، اسے اپنی شبانہ روز کاوشوں سے چھڑا کر ایک باوقار خود مختاری عطا کی.

.. دعوت اسلامی نے اہل سنت کو جو کہ انتہائی حد تک بدنظمی کے خوگر تھے، صرف ہند و پاک میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں ایک خاص نظم و ضبط میں لا کر نئی زندگی عطا کی.

.. دعوت اسلامی نے تبلیغ کے میدان میں جبکہ اہل سنت انتہائی حد تک پسپا تھے اور ان کے پاس سوائے کف افسوس ملنے کے کچھ بھی نہ تھا، ایک بہترین باضابطہ تبلیغی نظام مہیا کر کے نئی روح پھونک دی.

.. دعوت اسلامی نے تہذیب مغرب کے طوفان بلا خیز کے سامنے جبکہ وہ پوری منہ زوری کے ساتھ سب کچھ تہس نہس کرتا چلا جا رہا تھا، سنتوں کے تہذیبی انقلاب کے ذریعے سد سکندری باندھ دیا.

.. دعوت اسلامی نے متعدد زبانوں میں بین الاقوامی معیار کے اسلامی لٹریچر کا ایک بے مثال ذخیرہ مہیا کر کے جہل سے بھرے ہوئے اہل سنت کو علم، فکر اور مطالعہ کا شیدائی بنا دیا.

.. دعوت اسلامی نے درس نظامی کا نصاب جس پر بلا شرکت غیرے اغیار کا قبضہ تھا، ایک بہترین منصوبہ بندی کے تحت انتہائی قلیل مدت میں سارے کا سارا اپنے قبضے میں لے لیا، اگر اہل سنت سو سال تک بھی کوشش کرتے رہتے تو اس انداز کا نصاب درس نظامی کا معیاری کام کرنے سے قاصر تھے.

.. دعوت اسلامی نے متعدد زبانوں میں مدنی چینل قائم کر کے ایک ایسا لازوال کارنامہ سرانجام دیا جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے، اس وقت یہ چینل گھر گھر میں دین و مسلک کے جھنڈے گاڑ کر اہل سنت کا سر فخر سے بلند کر رہا ہے.

دعوت اسلامی نے یر طرف مدارس و جامعات کا بہت بڑا جال بچھا کر کے ایک بہت بڑے ناممکن کو حیرت انگیز طریقے سے ممکن ممکن میں تبدیل کر دیا.

.. دعوت اسلامی نے اپنے مدارس و جامعات میں تدریسی ٹیسٹ، گریڈنگ، بہترین مشاہروں، تفتیش، اور امتحان کا اعلی ترین نظام قائم کر کے دشمنوں کے بڑے بڑے برج الٹ کے رکھ دیے.

.. دعوت اسلامی نے متعدد و متنوع کورسز اور مطالعاتی نظام کے ذریعے لاکھوں افراد کو مفت میں پڑھا لکھا سنی بنا کر گلی گلی کوچے کوچے میں پھیلا دیا.

دعوت اسلامی نے اہل سنت کو جو کہ قومی بننے کے اہل بھی نہ تھے، بین الاقوامی سطح کے قابل بنا دیا، اب دنیا اہل سنت کو بین الاقوامی تناظر میں دیکھنے لگی ہے.

.. دعوت اسلامی نے حرمین شریفین کو جو کہ کلیتا وہابیہ کے قبضے میں چلے گئے تھے، ان کے چنگل سے چھڑانے کی دیوانہ وار کوششیں کیں اور وہاں کم از کم اہل سنت کا تشخص بحال کر دیا.

.. دعوت اسلامی نے ہند و پاک ہی نہیں دنیا بھر کی حکومتوں سے روابط قائم کر کے اہل سنت کے مفادات کو ایک خاموش تحفظ فراہم کیا.

.. دعوت اسلامی نے عقائد و معمولات اہل سنت کے لیے بہت بڑے پشت پناہ کا کردار ادا کرتے ہوئے انہیں بگاڑنے والوں کا منہ توڑ کے رکھ دیا، اب وہ آستینوں کے سانپ بے نقاب ہو کر ادھر ادھر منہ چھپاتے پھر رہے ہیں.

.. دعوت اسلامی نے اہل سنت کو عظیم مفتیان کرام اور مصنفین کی بہت بڑی کھیپ مہیا کر دی جو ہر ہر موضوع پر فتاویٰ اور کتب لکھ لکھ کر اب تک کے بہت بڑے خلا کو پر کرنے کی جد و جہد میں مصروف ہیں.

.. دعوت اسلامی نے اہل سنت کے وہ چندے جو پہلے خود اہل سنت کے ہی خلاف استعمال ہو رہے تھے، انہیں انتہائی محنت و حکمت کے ساتھ واپس لا کر اہل سنت کے مفاد کے لیے استعمال کرنے کا کارنامہ سرانجام دیا.

.. دعوت اسلامی نے تعویذات، رفاہی امور، متعدد علوم و فنون، مساجد، دار المدینہ، سرکاری و غیر سرکاری نصابات کی بہتری، اشاعت کتب و دیگر کثیر کثیر معاملات میں بھی انقلابی پیش رفت کی اور ہر جگہ فتح و نصرت سے ہم کنار ہوئی.

.. دعوت اسلامی نے ناموس رسالت و ختم نبوت وغیرہ ایشوز کے لیے ایسا خاموش کردار ادا کیا کہ اس سلسلے میں جتنے بھی کام کرنے والے لوگ ہیں سب کے سب دعوت اسلامی کے کام پر ہی اپنے کام کی عمارتیں استوار کر رہے ہیں.

بلا شبہ اس سارے عظیم کام کا کریڈٹ بانی و امیر دعوت اسلامی، فخر ملت اسلامیہ، محسن اہل سنت، جلیل القدر، عظیم المرتبت، برکۃ العصر شیخ طریقت حضرت مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی دامت برکاتہم العالیہ و متعنا اللہ بطول حیاتہ کو جاتا ہے.

میں انہیں اور جملہ وابستگان دعوت اسلامی کو نلا طمع، بلا خوشامد اور بلا غرض دل کی گہرائیوں سے لاکھوں بار مبارک باد اور صد ہزار خراج تحسین پیش کرتا ہوں. اللہم زد فزد.

نوٹ. بعض معاملات میں مجھے اور بہت سے علماء اہل سنت کو دعوت اسلامی سے علمی و نظریاتی اختلافات بھی ہیں، جن کا حق ہم علیحدہ سے محفوظ رکھتے ہیں. نہ تعریف کا مقصد ان معاملات کی تائید ہے اور نہ ہی ہمارے وہ اختلافات عادلانہ و منصفانہ خراج تحسین کے راستے میں آڑے آتے ہیں.

دعوت اسلامی زندہ باد

امیر دعوت اسلامی پائندہ باد