ساتویں شرط :- عدم مانع

مسئلہ: یعنی ایسا کوئی امر نہ ہو جو جمعہ کی نماز کے لئے جانے سے روکے ۔ مثلاً کسی نے روک رکھاہو یعنی قید پکڑرکھاہو ، یا کسی نے اپنی مرضی کے خلاف کسی مکان میں بند کردیا ہو۔ یا جمعہ کے لئے جانے سے کسی دشمن کا حوف ہو کہ وہ حملہ کرکے تکلیف پہنچائے گا یا ظالم حاکم یا بادشاہ یا کسی ظالم شخص کا خوف ہے تو اس پر جمعہ فرض نہیں ۔ (ردالمحتار)

مسئلہ: سخت اور موسلادھار بارش ہورہی ہے یا سخت آندھی چل رہی ہے اور مسجد تک جانا ممکن نہیں تو جمعہ فرض نہیں ۔ ( بہار شریعت ، جلد ۴ ، ص ۱۰۰ ، فتاوٰی رضویہ ، جلد ۱ ، ص ۶۳۴)

مسئلہ: اگر جمعہ کے لئے جاتا ہے تو پیچھے سے مال سامان کی چوری ہوجانے کا کامل اندیشہ ہے اور ایسا کوئی موجود نہیں کہ جس کو نگرانی پر مامور کرسکے توا یسی صورت میں جمعہ فرض نہیں ۔ (ردالمحتار ، بہار شریعت)

اہم مسائل متعلق عدم وجوب جمعہ

مسئلہ: جس مریض یا مسافر یا وہ شخص کہ جس پر جمعہ فرض نہیں ، ان لوگوں کو بھی جمعہ کے دن شہر میں جماعت کے ساتھ ظہر پڑھنا مکروہ تحریمی اور ناجائزہے ۔ خواہ جمعہ کی نماز مسجد میں ہونے سے پہلے پڑھیں یا بعد میں پڑھیں ۔ کسی بھی صورت میں ظہر کی نمازجماعت سے پڑھنے کی اجازت نہیں ۔ ( درمختار)

مسئلہ: جن لوگوں کو کسی وجہ سے جمعہ کی نماز کی جماعت میں شریک ہونا میسر نہیں ہوا وہ لوگ بھی بغیر اذان و اقامت ظہر کی نماز تنہاتنہا پڑھیں ۔ ا ن کو بھی ظہر کی نماز جماعت سے پڑھنا ممنوع ہے ۔ ( درمختار ، بہار شریعت ، جلد ۴ ص ۱۰۲)

مسئلہ: معذور اگر جمعہ کے دن ظہر پڑھے تو مستحب یہ ہے کہ جمعہ کی نماز ہوجانے کے بعد پڑھے نماز جمعہ سے پہلے پڑھنا مکروہ ہے ۔ ( درمحتار)

مسئلہ: نماز جمعہ کے لئے پہلے سے جانا اور مسواک کرنا اور اچھے و سفید کپڑے پہننا ، تیل اور خوشبو لگانا مستحب ہے ۔ جمعہ کے دن غسل کرنا سنت ہے ۔ ( عالمگیری ، غنیہ )

مسئلہ: حجامت بنوانا اور ناخن ترشوانا جمعہ کی نماز کے بعد افضل ہے ۔ ( درمختار)

مسئلہ: جمعہ کے دن اگر سفرکیا اور زوال سے پہلے شہر کی آبادی سے باہر نکل گیا تو حرج نہیں اور زوال کے بعد سفر کرنا ممنوع ہے ۔ اب اس پر لازم ہے کہ جمعہ پڑھنے کے بعد ہی سفر کرے۔ ( درمختار ، بہار شریعت)