نماز تمام برائیوں سے روکتی ہے

رب قدیر نے ایک اور مقام پر نماز کے فوائد بیان کرتے ہوئے ارشاد فرمایا: ’’وَ اَقِمِ الصَّلٰوۃَ اِنَّ الصَّلٰوۃَ تَنْھٰی عَنِ الْفَحْشَائِ وَ الْمُنْکَرِ‘‘ (پا رہ ۲۱؍ رکوع۱)

اور نماز قائم فرمائو بیشک نماز منع کرتی ہے بے حیائی اور بری بات سے ۔

میرے پیارے آقاﷺ کے پیارے دیوانو! اس آیت میں موجودہ دور کی پریشانیوں کا حل موجود ہے آج ہر صاحب ایمان کو اس بات کی فکر ہے کہ بے حیائی اور برائیوں کے سیلاب سے کیسے بچااور بچایاجائے ۔ تو سنو!ربِّ قدیر نے ہمیں دن و رات میں پانچ نمازوںکا حکم دیا ، نمازاداکرنے والا بندہ دن میں پانچ وقت اپنے بدن سے لے کر کپڑوں تک کی پاکیزگی کاخیال رکھتا ہے ۔ ایک نمازی دن میں پانچ مرتبہ اپنے مولیٰ دکی بارگا ہ میں حاضری دیتا ہے اور اسے یہ فکر لاحق رہتی ہے کہ اگر میں اپنے دامن کو گناہوں سے آلودہ کروں گا تو ربِّ قدیر کی بارگاہ میں کونسا منہ لے کر حاضر ہونگا ؟ بس اسی زندہ احساس کی بدولت بہت سے گناہوں اور بے حیائی کے کاموں نیز اپنے مولیٰ کی ناراضگی سے بچ جاتا ہے ۔ ربِّ قدیرد ہم سب کو نماز قائم کرنے اور تمام برائیوں سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے ۔آمین بجاہ النبی الکریم علیہ افضل الصلوٰۃ والتسلیم

میرے پیارے آقاﷺ کے پیارے دیوانو!آپ نے قرآنِ مقدس کی چند آیات سے نماز کی اہمیت اور عظمت کا اندازہ بخوبی لگا لیا ہوگا اور اب آئیے رسول گرامی وقار ﷺ کے فرمودات کو پڑھیں اور نمازکی اہمیت کااندازہ لگائیں ۔