اعتذار
اعتذار
احادیث کی تخریج نہایت دشوار گزار منزل اور صبر آزما مرحلہ تھا، بعض اوقات ایک ایک حدیث کے حوالے کے لئے گھنٹوں کتابوں کی ورق گردانی کر نی پڑتی تھی بلکہ بعض کے لئے ہفتوں جدو جہد جاری رہتی جب کہیں کامیابی ملتی ۔ اس جد و جہد کے بعد جب حوالہ مل جاتا تو اس پر فرح و سرور کا جو عالم ہوتا وہ بیان نہیں کیا جا سکتا۔
اس تلاش وجستجو کے بعد بھی ہم بعض احادیث کی تخریج سے قاصر رہے ہیں ۔ قارئین سے گزارش ہے کہ اگر کسی صاحب کو ایسی احادیث میں سے کسی کا حوالہ مل جائے تو ہمیں ضرور اطلاع دیں ، ہم شکریہ کے ساتھ دوسرے ایڈیشن میں اسکا اضافہ کر دیں گے۔
نیز ہم نے امام احمد رضا قدس سرہ کی تصانیف متداولہ میں سے تقریباً تین سو تصانیف سے احادیث جمع کر کے یہ مجموعہ ہدیۂ قارئین کیا ہے ، امام احمد رضا کا قلم بلاشبہ لغزش سے پاک ہے لیکن اس طویل سفر میں ہم سے کسی مقام پر کوتاہی ہو جانا کوئی امر مستبعد نہیں ، پھر یہ کہ مجھے اپنی کم مائیگی اور بے بضاعتی کا بھی کامل اعتراف ہے ، لہذا جس مقام پر قارئین کو کسی قسم کی غلطی نظر آئے تو وہ اپنے حلقۂ اثر اور ہم نشینوں کی مجلس میں کتاب کی وقعت و اہمیت کم کرنے کے بجائے براہ راست مجھے مطلع فرمائیں تاکہ اسکی تلافی کی جا سکے اور ہدیہ تشکر بھی پیش کیا جائے ۔ امید وار کرم
مرتب