جنتی عورت کیسی ہوتی ہے؟ 

جنتی عورت بننے کا ہمارے پیارے پیارے آقا ﷺ نے دوسرا طریقہ یہ عنایت فرمایا حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ سرور عالم ﷺ نے ارشاد فرمایا الا اخبرکم بنسائکم فی الجنۃ کیا میں تمہیں تمہاری جنتی عورتیں نہ بتاوٗں ؟ قلنا بلیٰ یا رسول اللہ ﷺ ہمنے عرض کی کیوں نہیں اے اللہ کے رسول ﷺ قال ودود ولود اذا غضبت او اسییٔ الیھا او غضب زوجھا قالت ھٰذہ یدی فی یدک لا اکتحل بغمض حتیٰ ترضیٰ فرمایا بہت محبت کرنے والی زیادہ بچے جننے والی جب غصہ کرے یا اسے برا بھلا کہا جائے یا اسکا شوہر ناراض ہو جائے تو کہے یہ میرا ہاتھ تیرے ھاتھ میں ،میں تمہارے خوش ہونے تک سو ہی نہیں سکتی

(ترغیب ج۳ ص ۳۷)

نیک صالح اور جنتی عورت کی چار خوبیوں کا ذکر ہو چکا اس کی پانچویں خوبی یہ بیان فرمائی گیٔ کہ وہ شوہر سے غایت درجہ محبت کرنے والی ہوگی،حدیث کے الفاظ یہ ظاہر کر رہے ہیں کہ جب شوہر کا درجہ عورت کے لئے اسکے والدین سے بھی بڑا ہے تو جتنا بڑا ہے اسی طرح بڑھ چڑھ کر اس سے محبت ہونی چاہیئے،محبت کی فریفتگی کا یہ عالم ہو کو عورت اپنے آپ کو شوہر سے الگ تسلیم نہ کرے بلکہ وہ اپنی طرف سے یہ لگاوٗ پیدا کرنے کی کوشش کرے کہ قالب اگر چہ دو ہوں مگر جان محبت میں ایک ہی بن جانی چاہیئے

محبت کا فائدہ

محبت کی وارفتگی کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ اس میں عیب نہیں تلاشا جاتا بلکہ عیب کو بھی حسن تسلیم کرلیا جاتا ہے،کوئی تلخ یا نازیبا بات کہہ دی جائے تو اسے درگزر کر لیا جاتا ہے،غصہ اولا تو آتا نہیں اور اگر آ جائے تو اسے محبوب کی ادا سمجھ کر پی لیا جاتا ہے، حبک الشییٗ یعمی و یصم تمہارا کسی کو محبوب بنا لینا تمہیں اندھا اور بہرا بنا دیتا ہے،یعنی پھر عیب نہیں محاسن ہی نظر آتے ہیں،خرابیاں نہیں اچھائیاں ہی سنائی دیتی ہیں،عورت کے لئے لے دے کے اسکا شوہر ہی کل کائنات ہے تو وہ اس سے محبت نہ کرے گی تو کس سے کرے گی؟مگر محبت کا انداز یہ ہونا چاہیئے کہ شوہر کی رضا کو اپنی رضا بنا لی جائے اور اسکی نا پسندیدگی کو اپنی ناپسندیدگی بنا دی جائے،اپنی چاہت باقی رکھی جائے تو اسکے پورا نہ ہونے پر تھوڑی کبیدگی ہوتی ہے،مگر شوہر کی چاہت اپنی چاہت بنا لی جائے تو یہ نوبت کبھی نہیں آسکتی ہے،اور یہ ہمیشہ کی تو بات نہیں چند دنوں کی قربانی کا سوال ہے پھر یہ محبت دو طرفہ ہو جائے گی ہر ایک دوسرے کا عاشق اور معشوق ہوگا

محبوب کی ہرادا محوب دکھائی دیتی ہے ۔ محبت کی راہ خوبی سے سنواری ہوتی ہے