حدیث نمبر 74

روایت ہے حضرت ابو زہیرنمیری سے ۱؎ فرماتے ہیں کہ ہم رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ایک رات نکلے تو ایک شخص ایسے پر پہنچے جو دعا مانگنے میں بہت مبالغہ کررہا تھا حضورصلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اگر یہ مہر لگاوے ۲؎تو واجب کرے گا قوم میں سے ایک آدمی نے کہا کہ کس چیز سے مہر لگا ئے فرمایا آمین سے۔(ابوداؤد)

شرح

۱؎ آپ کا نام یحیی بن نضیر ہے،اہل شام میں سے ہیں،صحابی ہیں۔

۲؎ یعنی اگر یہ دعا کے آخر میں آمین کہہ لے تو رب اس کی دعا قبول کرے کہ جیسے مہر کی وجہ سے پارسل بغیر ٹوٹے پھوٹے منزل مقصود تک پہنچ جاتا ہے ایسے ہی آمین کی برکت سے دعابخیریت رب تک پہنچتی ہے۔اس سے معلوم ہوا کہ خارج نمازبھی جب دعا مانگے تو آمین کہے۔