أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اِنَّمَا النَّسِىۡٓءُ زِيَادَةٌ فِى الۡكُفۡرِ‌ يُضَلُّ بِهِ الَّذِيۡنَ كَفَرُوۡا يُحِلُّوۡنَهٗ عَامًا وَّيُحَرِّمُوۡنَهٗ عَامًا لِّيُوَاطِـئُــوۡا عِدَّةَ مَا حَرَّمَ اللّٰهُ فَيُحِلُّوۡا مَا حَرَّمَ اللّٰهُ‌ ؕ زُيِّنَ لَهُمۡ سُوۡۤءُ اَعۡمَالِهِمۡ‌ ؕ وَاللّٰهُ لَا يَهۡدِى الۡقَوۡمَ الۡـكٰفِرِيۡنَ۞

ترجمہ:

مہینہ کو موخر کرنا محض کفر ہے، اس سے کافروں کو گمراہ کیا جاتا ہے وہ کسی مہینہ کو ایک سال حلال قرار دیتے ہیں اور اسی مہینہ کو دوسرے سال حرام قرار دیتے ہیں، تاکہ اللہ کے حرام کیے ہوئے مہینوں کی تعداد پوری کرلیں، پھر جس کو اللہ نے حرام کیا ہے اس کو حلال کرلیں، ان کے برے کام ان کے لیے خوش نما بنادئیے گئے ہیں، اور اللہ کافروں کو ہدایت نہیں دیتا ؏

تفسیر:

اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : مہینہ کو موخر کرنا محض کفر ہے، اس سے کافروں کو گمراہ کیا جاتا ہے، وہ کسی مہینہ کو ایک سال حلال قرار دیتے ہیں اور اسی مہینہ کو دوسرے سال حرام قرار دیتے ہیں، تاکہ اللہ کے حرام کیے ہوئے مہینوں کی تعداد پوری کرلیں، پھر جس کو اللہ نے حرام کیا ہے اس کو حلال کرلیں، ان کے برے کام ان کے لیے خوش نما بنا دیئے گئے ہیں، اور اللہ کافروں کو ہدایت نہیں دیتا (التوبہ : ٣٧)

مشرکین کا حرمت والے مہینوں کو موخر کرنا :

النسسیئی کا معنی ہے موخر کرنا، مشرکین حرمت والے مہینوں کو موخر کرتے رہتے تھے۔ ان کے رد میں یہ آیت نازل ہوئی ہے۔ محرم حرمت والا مہینہ تھا، اس میں قتال حرام تھا۔ مشرکین عرب لوٹ مار اور قتل و غارت کرنے والے لوگ تھے۔ اور ذوالقعدۃ، ذوالحج اور محرم یہ تین مہینے متواتر حرمت والے تھے۔ ان تین مہینوں میں قتال سے صبر کرنا مشرکین عرب کے لیے بہت مشکل اور دشوار تھا۔ انہیں جب محرم کے مہینے میں کسی سے لڑنے کی ضرورت پیش آتی تو وہ محرم کے مہینہ کو موخر کردیتے اور صفر کے مہینہ کو محرم قرار دیتے اور اصل محرم کے مہینہ میں قتال کرلیتے۔ اسی طرح وہ ہر سال محرم کے مہینہ کو ایک ماہ موخر کرتے رہتے۔ حتیٰ کہ جس سال نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے حج کیا، اس سال گیارہ مرتبہ محرم کا مہینہ موخر ہو کر اپنی اصل ہیئت پر آچکا تھا۔ اس لیے آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا : زمانہ گھوم کر اپنی اصل ہیئت پر آچکا ہے۔ جس ہیئت پر وہ اس وقت تھا جب اللہ نے آسمانوں اور زمینوں کو پیدا کیا تھا۔

تبیان القرآن – سورۃ نمبر 9 التوبة آیت نمبر 37