روزے کا انعام
روزے کا انعام
بخاری ومسلم کی روایت میں ہے کہ حضورعلیہ السلام نے ارشاد فرمایا: ’’کہ ابن آدم کا ہر نیک عمل دس گناسے سات سو گنا کردیا جاتا ہے۔ اللہ نے فرمایا :مگر روزہ، کیونکہ روزے دار اپنی خواہشات اور کھانے کو صرف میرے لئے ترک کرتا ہے اورروزے دار کے لئے دو مسرتیں ہیں ایک خوشی اسے افطار کے وقت ہوتی ہے اوردوسری اپنے رب سے ملاقات کے وقت ہوگی اورروزے دار کے منھ کی بو اللہ دکو مشک سے زیادہ پسند ہے اور روزہ ڈھال ہے۔ جب تم میں سے کوئی روزے رکھے تونہ فحش بات کہے اور نہ شور کرے اور اگر کوئی اسے گالی دے اسے چاہئیے کہ گالی دینے والے سے کہہ دے کہ میں روزے دار ہوں۔ (بخاری ومسلم)
میرے پیارے آقا ﷺ کے پیارے دیوانو !ـــ’’اَلصَّوْمُ لِیْ وَاَنَا اَجْزِیْ بِہٖ‘‘اس جملے کا مقصودومنشا یہ ہے کہ وہی عبادت مقبول ہے جس میں ریااور دکھاوا نہ ہو۔ تمام عبادتیں اپناایک ظاہری حال رکھتی ہیں۔ نمازپڑھنے والے کوآپ نمازی کہہ سکتے ہیں، حج کرنے والے کو حاجی کہہ سکتے ہیں اسی طرح جہاد کرنے والے کو مجاہد کہہ سکتے ہیں لیکن روزے کا کوئی ظاہری حال نہیں لہٰذا یہ پوشیدہ ترین عبادت صرف اللہ دکے لئے ہو گی پس یہ بندے کی طرف سے اللہ کو معبود حقیقی تسلیم کر نے کا نہایت ہی اعلیٰ عمل ہے۔ اسی لئے روزے کی کوئی مقرر جزانہیں۔ یہ رب تبارک وتعالیٰ کے کرم پر موقوف ہے جتناچاہے ثواب عطا فرمادے۔ یہ ایسی عبادت ہے جس کو کوئی جان نہیں پاتا تواس کاثواب بھی کسی کو نہیں بتایا گیا۔ دینے والا رب جانتا ہے اور لینے والا بندہ جا نے گا۔
نکتہ۔ بعض محدثین رحمہم اللہ تعالیٰ نے اسے ’’وَاَناَ اُجْزٰی بِہٖ‘‘ صیغۂ مجہول کے ساتھ روایت کیا ہے۔ اس صورت میں حدیث کا مفہوم یہ ہواکہ روزہ میرے لئے ہے اور روزے کی جزا میں خود ہوں۔ (عزیزی)گویا بندئہ مومن روزہ رکھ کر خودذات باری تعالیٰ کو پا لیتا ہے۔
میرے پیارے آقا ﷺ کے پیارے دیوانو ! اخلاص کا مقام کتنا ارفع واعلیٰ ہے آپ نے مذکورہ حدیث شریف سے جان لیا ہم جائزکام کو اخلاص کے ساتھ کر یں بلکہ ہر کام کا مقصود ہی بنائیں کہ اللہد اور اس کے پیا رے محبوب اکی رضا کے لئے کرتا ہے کسی ایک کام سے بھی اگر اللہد راضی ہو گیا تو بیڑا پار، ان شاء اللہ! اسی لئے تواعلیٰحضرت عظیم البرکت امام احمد رضا خان محدث بریلوی علیہ الرحمۃ نے اپنے آقا ومولیٰ کی بارگاہ میں یہی عرض کیا کہ ؎
کام وہ لے لیجئے تم کو جو راضی کرے
ٹھیک ہو نامِ رضا تم پہ کروڑوں درود
ربّ ِقدیر ہم سب کو روزوں کے صدقے میںاخلاص کی عظیم ترین دولت عطافرمائے۔ آمین بجاہ النبی الکریم علیہ افضل الصلوٰۃ والتسلیم