*نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی عطاء فرمودہ سینیٹائزیشن* ۔

* فقیر لفظ سینیٹائزیشن کو لکھنا نہیں چاہ رہا تھا اور اس سے پہلے ایسی ہی نبوی ہدایات کے لیئے لکھا بھی نہیں لیکن خیال آیا کہ ۔۔۔

* تحریر مکمل پڑھیں اور اپنے آپ کو ، اپنے اہل خانہ کو ، اپنے خانہ کو ، اپنے گلی محلے کو محفوظ بنائیں ۔

* بسم الله کی فضیلتیں آپ اگر جان مان لیں تو ممکن ہے کہ حضرت سید امیر علی ہمدانی رحمة الله عليه کی طرح اسے وظیفہ ء سحر بنا لیں ۔

فقیر اس وقت اتنا ہی عرض کرتا ہے کہ بسم الله کا سادہ سا معنی ہے ” اللہ کے نام کے ساتھ “

اب آپ اگر ” اللہ ” کے اسم ذات کی معیت کی برکات و فوائد کو سوچ میں لا سکتے ہیں تو لےآئیں ؟ لیکن ہرگز نہ لا سکیں گے

✍️ اس رحمان و رحیم کا اسم ذات جس بندے کے ساتھ ہو گا اسے بھلا کسی کمی ، تقصیر، نا تمامی ، ناکامی اور کسی اور کے آگے مغلوبیت کا سامنا ہو سکتا ہے ؟ ۔

اللہ کا نام جس شخص کے ساتھ ہو کیا کوئی بھی مخلوق اسے کچھ گزند پہنچا سکتی ہے ؟

☆ آمدم بر سر مطلب !

آپ گھر سے نکلنے لگے ہیں ، اور سپ نے کوئی اور دعاء اہل خانہ کو نہیں دی صرف ” السلام عليكم ورحمة الله وبركاته” کہا ہے تب بھی آپ نے ان تمام افراد کو اور یہ آواز سننے والی اشیاء کو اللہ کی سلامتی، رحمت اور برکتوں میں دے دیا ہے ۔

🔓 اب نکلتے وقت آپ نے پڑھا ۔

🌷 ((بِسْمِ اللَّهِ ، تَوَكَّلْتُ عَلَى اللَّهِ ، وَلاَ حَوْلَ وَلا قُوَّةَ إلاَّ بِاللَّهِ))

⚘اللہ کے نام کے ساتھ گھر سے نکل رہا ہوں ، میں نے اللہ پر توکل کیا اور نہ کوئی حیلہ و تدبیر ہے اور نہ کوئی طاقت و قوت مگر اللہ کے ساتھ ۔

🔎آپ نے جس اللہ کا نام لیا ، جس پر اعتماد کیا ، سب تدابیر و قوتوں کی تاثیر کی نفی و انکار کر کے جس کی ذات کا اقرار کیا وہ خود یا اس کے حکم پر کوئی فرشتہ آپ کو 3 یقین دہانیاں کرائے گا

🌷 كُفِيتَ وَوُقِيتَ وهُدِيتَ،

☀️((كفيت)) تجھے کفایت کر دی گئی ہے ۔ شر تجھ سے دور کر دیا گیا ہے کافی ہونے والا تجھے کافی ہو گیا ہے ۔۔

☀️((وقيت)) تمام اشیاء سے تجھے محفوظ بنا دیا گیا ہے ، وہ تجھے نظر آ رہی تھیں یا نظر سے اوجھل تھیں ۔ معلوم و معروف تھیں یا غیر معروف و نا معلوم ۔

☀️ ((هديت)) تیرے اٹھنے والے قدم حق و صواب کی طرف اٹھیں گے ۔ تیرے اقدامات راست اور مثبت ہوں گے ۔ تیرے تمام أفعال ، وأقوال، وأحوال . سب ہدایت سے مزین ہوں گے ۔

☀️ان تین کے علاوہ ایک چوتھی ضمانت و بشارت بھی ہے ۔

🌷وتنحَّى عنه الشيطان،

⚘ساتھ والا شیطان دور کنارہ پکڑتا ہے اور دوسرے شیطان کو بھی کہتا ہے ۔ تیرا بس کیسے چل سکے گا اس پر جو ہدایت و کفایت یافتہ بھی ہو چکا اور اس کی حفاظت بھی ( بارگاہ خداوندی سے ) ہو چکی؟)).

📘راوی حضرت سیدنا انس ، أبو داود والترمذي ۔

دعا تو درج بالا بھی کافی و وافی ہے ۔ ایک اور نبوی عطاء بھی قبول فرما لیجئے ۔ راویہ ہیں أم المؤمنين سيده أم سلمه رضى الله عنها و وأرضاها عنا.

🌷 ((اللَّهُمَّ إنِّي أعُوذُ بِكَ أنْ أَضِلَّ، أوْ أُضَلَّ، أوْ أَزِلَّ، أوْ أُزَلَّ، أوْ أَظْلِمَ، أوْ أُظْلَمَ، أوْ أجْهَلَ، أوْ يُجْهَلَ عَلَيَّ)

📘 أبو داود والترمذي والنسائي، وابن ماجة ،

⚘اے میرے معبود ۔ یقین کے ساتھ میں تیری پناہ میں آتا ہوں اس سے کہ میں گمراہ ہوں یا گمراہ کیا جاؤں ، خود پھسلوں یا کسی اور کو ڈگمگاؤں ، ظلم کروں یا ظلم کیا جاؤں ، خود کسی کے ساتھ جہالت کروں یا کوئی دوسرا میرے ساتھ جہالت سے پیش آئے ۔

چند کلمات کی مزید توضیحات

🌱 ((أنْ أَضِلَّ)) میں بذات خود گمراہ ہو جاؤں ۔

ضلالت ،وسیع المعنی لفظ ہے ہدایت کی نقيض ہے ، ضائع و مفقود ہو جانا ، راستہ بھٹک جانا ۔ کچھ سجھائی نہ دینا ۔ اپنی ذات کسی اور میں ملا دینا ۔

🌱 ((أو أُضَل)) کوئی اور شی مجھے گم راہ کرے

🌱 ((أو أَزِلَّ أو أُزَلَّ)) یہ دو صیغے ہیں ۔ (1) معروف أَزِلَّ میں پھسل جاؤں یا کسی اور کو پھسلاؤں (2) مجہول أُزَلَّ میں پھسلایا جاؤں

🌱 ((أو أَظلِم، أو أُظلَم)) ” ظلم ” مادہ سے معروف اور مجہول دو صیغے ہیں ۔ ظلم کا معنی ہے ، کسی کے ساتھ اس کے شایان شان سلوک نہ کرنا ۔

پہلے (معروف) کا معنی ہے : میں کسی پر کوئی ظلم کروں اور دوسرے (مجہول)، کا معنی ہے : میرے پر ظلم ہو

🌱 (( أَجهل، أو يُجهل عليَّ)) میں کسی کے ساتھ جہالت کروں یا کوئی اور میرے ساتھ جہالت سے پیش آئے ۔

جہالت ویسے تو علم کی نقیض ہے لیکن کٹ حجتی ، جدل و کم عقلی مطلب کہ کسی بھی طرح کی بد خلقی جہالت ہے ۔

🌲گھر سے نکلتے وقت آپ یہ دعائیں کر کے روانہ ہوئے ۔ مفہوم کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلہ کریں کہ باہر تمام امور سرانجام دیتے ہوئے آپ کتنے محفوظ، معصوم اور عافیت بداماں رہے ہیں ۔ خیر سے اب آپ گھر آ رہے ہیں ۔ اندر داخل ہونے لگے ہیں ۔ ذرا سا رکئیے ۔

یہ دعاء پڑھیں

🌷((بِسْمِ اللهِ وَلَجْنَا، وبِسْمِ اللَّهِ خَرَجْنَا، وعَلَى اللَّهِ رَبِّنا تَوَكَّلْنَا، ))

⚘اللہ کے نام کے ساتھ ہم داخل ہونے لگے ہیں ۔ نکلے بھی اسی کے نام کے ساتھ تھے ۔ اور اللہ جو کہ ہمارا رب ہے اس پر ہم نے توکل کیا ہے ۔

♡ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجتے ہوئے اندر داخل ہوں اور گھر کے افراد کو سلام کہیں ۔

🌷اب گھر میں آپ کو جو برکتیں سعادتیں رحمتیں عافیتیں نعمتیں میسر رہیں گی ، فقیر کی سابق توضیحات کی روشنی میں خود سمجھ لیں ۔

🤲🏽 اس فقیر خالد محمود، اس کے آباء و اجداد و امھات و، اہل خانہ اور جملہ پیاروں کو دعاء میں یاد رکھیں تو احسان عظیم ہوگا ۔ اجر و ثواب اللہ تبارک و تعالی کے پاس ہے اور وہ ضائع نہیں کرتا ۔