متبرک کتب سے بيماريوں وبائوں کا علاج

تحریر: حضرت علامہ أبوالبركات مفتی حق النبی سکندری الازھری حفظه اللہ تعالی ( شاہ پور چاکر سندھ )

آج ساری دنیا میں وبائی مرض ( کورونا ) نے تباہی مچا رکھی ہے.ایک مسلمان مصائب وآلام کے وقت یقینا اپنے پروردگار جل جلاله کے حضور سربسجود ہوکر اور اپنے گناہوں کی معافی مانگ کر بلاؤں اور مصیبتوں کے دفع کیلئے گڑگڑاتا ہے.

ہمارے اسلاف سے دفع آفات سے متعلق جو کچھ منقول ہے اس میں سے ایک مقدس و متبرک کتب کی قراءت بھی ہے.چناچہ خیرخواہی امت کے مقدس جذبے کے تحت یہاں ایسی دس کتب کا ذکر کیا جاتا ہے جنکو پڑھنے کی برکت سے الله کریم جل وعلا اپنے بندوں سے مصیبت کو دور فرمادیتا ہے.

1-صحیح بخاری شریف : علامہ عصام الدین مفتاح السعادة میں , علامہ طاش کبرازادہ اور علامہ ابن ابی جمرا فرماتے ہیں کہ ایام طاعون میں اگر بخاری شریف کی قراءت کی جاۓ تو اللہ تعالی بندوں کو اسکی برکت سے طاعون سے محفوظ فرمادے گا.

علامہ ابن ابی جمرا فرماتے ہیں : جس کشتی میں صحیح بخاری ہو الله کریم اس کشتی کو ڈوبنے سے محفوظ فرماتا ہے.

2-غریب الحدیث : ( مصنف:حضرت ابوعبید القاسم بن سلام ) امام محمد بن حسن الصاغانی محدث لاہوری فرماتے ہیں : جو اس کتاب کو حفظ کرلے گا رب کریم اسے دیگر برکات کے ساتھ اسکی ملکیت اور مال میں بھی اضافہ فرماۓ گا.

دیگر علماء نے اسکے متعلق فرمایا : اگر اسکی کتاب کی قراءت علم وعمل کے ساتھ کی جاۓ تو الله تعالی شدائد و مصائب سے پناہ عطا فرماتا ہے.

3- رسالہ قشیریہ :علامہ مناوی علیه الرحمه فرماتے ہیں کہ : کم ہی ایسا دیکھا گیا ہے کہ کسی گھر میں ( رسا لہ قشیریہ ) ہو اور اس گھر کو نقصان پہنچا ہو.

4- مؤطا امام مالک : علامہ محمد بن عبدالرحمن اور علامہ تاودي بن سوده شارح بخاری الفھرست میں فرماتے ہیں کہ : جامع ازھر میں مؤطا امام مالک کی قراءت کی گئی_کیونکہ علما کے درمیان یہ مشہور ہے کہ جو بھی اس کتاب کی قراءت کرتا ہے حضور علیه الصلوة والسلام ضرور اس پر نظر کرم فرماتے ہیں.

5- شفا شریف : علامہ خفاجی نسیم الریاض میں فرماتے ہیں کہ جس گھر میں شفا شریف ہوگی اسے کوئی نقصان نہیں پہنچے گا.

اور جس کشتی میں ہوگی وہ نہیں ڈوبے گی.اگر مریض اس کتاب کو خود پڑھے یا اسکے سامنے پڑھی جاۓ تو الله کریم اسے شفا عطا فرماۓ گا.

6- رسالہ ابن ابی زید القیروانی ( فقہ مالکی پر مختصر رسالہ ہے ) اس کے متعلق علامہ محمد بن احمد زروق الفاسی لکھتے ہیں : جو اس رسالے کی شرح کرے یااسے علم وعمل کے طور پر پڑھے الله تعالی اس کیلئے برکتوں کے دروازے کھول دیتا ہے.

7- مختصر القدوری : مفتاح السعادة میں علامہ طاش کبرا ذادہ لکھتے ہیں : یہ بڑی برکتوں والی کتاب ہے.علماءکرام کا مجرب عمل ہے کہ طاعون کے زمانے میں اسکی قراءت کرتے تھے تو طاعون دور ہوجاتا تھا.

علامہ عبدالرحمن بسطامی لکھتے ہیں : علماء احناف وبا کے زمانے میں اس سے برکتیں حاصل کرتے تھے , یہ برکتوں والی کتاب ہے , جو اس کتاب کو حفظ کرلے گا الله کریم اسے فقر سے امان عطا فرماۓ گا-

کشف الظنون میں ہے : اس کتاب میں 12 ہزار مسائل ہیں , ان 12 ہزار میں سے جو جتنے مسائل یاد کرے گا الله کریم اسے اتنی ہی برکتیں عطا فرماۓ گا-

8- العینیتان : علامہ سہیلی صاحب الروض الانف کا یہ رسالہ ہے اور دو قصیدوں پر مشتمل ہے. العینیة الصغری اور العینیة الکبری-

صاحب الدیباج المذھب علامہ سہیلی سے نقل کرتے ہیں : یہ قصیدہ پڑھکر جب بھی میں نے دعا کی ہے الله کریم میری دعا کو قبول فرماتا ہے-

9- دلائل الخیرات شریف :( مصنف : علامہ محمد بن سلیمان جزولی رحمه اللہ )

10- قصیدہ بردہ شریف : اس قصیدہ مبارکہ کو لکھنے کی برکت سے امام بوصیری علیه الرحمه پر خاص کرم ہوا- دیدار مصطفی صلی الله علیه وسلم سے نا صرف مشرف ہوۓ بلکہ فالج زدہ ہاتھ بھی ٹھیک ہوگیا اور بارگاہ رسالت سے بردہ یعنی چادر کا تحفہ بھی عنایت ہوا –

*قارئین کرام ! کورونا وائرس کی تباہی کے اس صورتحال میں اگر سب ملکر ان تمام یا کسی ایک کتب کی صدق دل سے قراءت کریں تو بارگاہ الہی سے ضرور کرم ہوگا- *( ان شاء الله تعالی )*