حدیث نمبر206

روایت ہے حضرت ابوہریرہ سے کہ حضور انور صلی اللہ تعالٰی ٰ علیہ وسلم نے نماز میں کوکھ پر ہاتھ رکھنے سے منع فرمایا۔۱؎(مسلم،بخاری)

شرح

۱؎ یعنی نماز کی کسی حالت میں،قیام،قومہ،قعود میں کوکھ پر ہاتھ رکھنا منع ہے بلکہ نماز سے خارج بھی ممنوع ہے کہ یہ ابلیس کا طریقہ ہے،نیز دوزخی تھک کر ایسے ہاتھ رکھا کریں گے۔بعض علماء فرماتے ہیں کہ یہاں خصر سے مراد لاٹھی یا دیوار پر ٹیک لگانا ہے،عربی میں خاصرہ لاٹھی کو کہتے ہیں،یہ ٹیک بلاضرورت ممنوع،ضرورۃً جائز ہے،بوڑھا آدمی لاٹھی بغل میں لے کر نماز پڑھ سکتا ہے،سلیمان علیہ السلام نے اپنی آخری نماز لاٹھی کی ٹیک پر ہی پڑھی جس میں آپ کی وفات ہوئی۔