ایک سو بیس رحمتوں کا نزول

حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور علیہ السلام نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کی ہر دن اور رات میں ایک سو بیس رحمتیں اس گھر میں نازل ہوتی ہیں ساٹھ طواف کرنے والوں پر، چالیس نماز پڑھنے والوں کے لئے ہوتی ہیں اور بیس خانہ کعبہ کو دیکھنے والوں کے لئے۔ (فضائل حج ؍۱۰۰)

میرے پیارے آقاﷺ کے پیارے دیوانو!مذکورہ حدیث شریف سے یہ سبق ملا کہ خانہ کعبہ پر اللہ عزوجل کی ایک سو بیس رحمتوں کا نزول ہوتا ہے جس میں سب سے زیادہ طواف کرنے والوں پر نازل ہوتی ہیں یعنی ساٹھ( ۶۰)،اور چالیس (۴۰)نماز پڑھنے والوں کے لئے اور بیس(۲۰)خانہ کعبہ کو دیکھنے والوں کے لئے۔ یہ فضیلت اس لئے بیان کی گئی تا کہ لوگ اپنا وقت فضول کاموں میں خرچ کرنے کے بجائے اللہ عزوجل کے گھر میں گزاریں،اگر طواف کر سکیں تو طواف کریں، نماز پڑھ سکیں تو نماز پڑھیں ورنہ کم از کم خانہ کعبہ کی زیارت تو بیٹھ کر کر سکتے ہیں۔ اللہ عز و جل ہم سب کو رب کی عنایتوں سے استفادہ کی توفیق عطافرمائے۔

آمین بجاہ النبی الکریم علیہ افضل الصلوٰۃ والتسلیم۔