ستر فرشتوں کی آمین

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ حضورﷺ نے ارشاد فرمایا کہ رکن یمانی پر ستّر فرشتے مقرر ہیں تو جوشخص وہاں یہ کہے کہ اے اللہ ! میں تجھ سے دنیا و آخرت میں عفو و عافیت مانگتا ہوں، اے ہمارے پروردگار!ہمیں دنیا و آخرت میں بھلائی عطا فرما اور جہنم کے عذاب سے بچاتو وہ فرشتے کہتے ہیں’’آمین‘‘۔ (مشکوٰۃ ص؍۲۲۸)

میرے پیارے آقا ﷺ کے پیارے دیوانو!زیارت ِحرمین طیبین سے مشرف ہونے والے پر اللہ  کا کتنا کرم ہے کہ جب کوئی رکنِ یمانی اور حجرِ اسود کے درمیان یعنی مقام مستجاب پر دعا کرتا ہے تو اللہ عز و جل نے ستّر معصوم فرشتوں کو مقرر کر دیا ہے جو دعا کرنے والے کی دعا پر آمین کہتے ہیں۔ (سبحان اللہ !)اللہ جلد از جلد ہم سب کو اس مقامِ مقدس پر حاضری کی سعادت اور دعا کی توفیق عطا فرمائے۔

آمین بجاہ النبی الکریم علیہ افضل الصلوٰۃ و التسلیم۔