الفصل الثالث

تیسری فصل

حدیث نمبر 324

روایت ہے حضرت انس سے فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرمایا کرتے تھے کہ سیدھے رہوسیدھے رہو سیدھے رہو ۱؎ اس کی قسم جس کے قبضے میں میری جان ہے کہ میں تم کو اپنے پیچھے سے ایسے ہی دیکھتا ہوں جیسے تمہیں اپنے آگے سے دیکھتا ہوں ۲؎(ابوداؤد)

شرح

۱؎ ایک بارعمومًا سارے لوگوں سے فرماتے تھے،دوسری بار داہنے والوں سے اور تیسری بار بائیں والوں سے اور ہوسکتا ہے کہ تینوں بار سب سے ہی فرماتے ہوں اور تاکید کے لیے بار بار فرماتے ہوں۔

۲؎ لہذا یہ سمجھ کر نماز پڑھو کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم ہماری نمازوں کو دیکھ رہے ہیں،اس خیال سے تم نماز صحیح بھی پڑھو گے اور تمہارے دلوں میں حضور اور خشوع بھی پیدا ہوگا،تاقیامت ہرمسلمان ہر نماز میں خصوصًا نماز تہجد میں یہ خیال رکھے تو بہت لطف آتا ہے اور یہ عمل بہت مجرب ہے،لڑکے استاد کے خوف سے دل لگا کر پڑھتے ہیں۔