أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

وَقُلْ لِّـلۡمُؤۡمِنٰتِ يَغۡضُضۡنَ مِنۡ اَبۡصَارِهِنَّ وَيَحۡفَظۡنَ فُرُوۡجَهُنَّ وَلَا يُبۡدِيۡنَ زِيۡنَتَهُنَّ اِلَّا مَا ظَهَرَ مِنۡهَا‌ وَلۡيَـضۡرِبۡنَ بِخُمُرِهِنَّ عَلٰى جُيُوۡبِهِنَّ‌ۖ وَلَا يُبۡدِيۡنَ زِيۡنَتَهُنَّ اِلَّا لِبُعُوۡلَتِهِنَّ اَوۡ اٰبَآئِهِنَّ اَوۡ اٰبَآءِ بُعُوۡلَتِهِنَّ اَوۡ اَبۡنَآئِهِنَّ اَوۡ اَبۡنَآءِ بُعُوۡلَتِهِنَّ اَوۡ اِخۡوَانِهِنَّ اَوۡ بَنِىۡۤ اِخۡوَانِهِنَّ اَوۡ بَنِىۡۤ اَخَوٰتِهِنَّ اَوۡ نِسَآئِهِنَّ اَوۡ مَا مَلَـكَتۡ اَيۡمَانُهُنَّ اَوِ التّٰبِعِيۡنَ غَيۡرِ اُولِى الۡاِرۡبَةِ مِنَ الرِّجَالِ اَوِ الطِّفۡلِ الَّذِيۡنَ لَمۡ يَظۡهَرُوۡا عَلٰى عَوۡرٰتِ النِّسَآءِ‌ۖ وَلَا يَضۡرِبۡنَ بِاَرۡجُلِهِنَّ لِيُـعۡلَمَ مَا يُخۡفِيۡنَ مِنۡ زِيۡنَتِهِنَّ‌ ؕ وَتُوۡبُوۡۤا اِلَى اللّٰهِ جَمِيۡعًا اَيُّهَ الۡمُؤۡمِنُوۡنَ لَعَلَّكُمۡ تُفۡلِحُوۡنَ ۞

ترجمہ:

اور آپ مسلمان عورتوں سے کہیے کہ وہ اپنی نگاہوں کو نیچے رکھیں اور اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کریں اور اپنی زیبائش کو ظاہر نہ کریں مگر جو خود ظاہر ہو اور اپنے دوپٹوں کو اپنے گریبانوں پر ڈالے رکھیں اور اپنی زیبائش کو صرف اپنے شوہروں پر ظاہر کریں، یا اپنے باپ دادا پر، یا اپنے شوہروں کے باپ دادا پر، یا اپنے بیٹوں پر یا اپنے شوہروں کے بیٹوں پر یا اپنے بھائیوں پر یا اپنے بھتیجوں پر یا اپنے بھانجوں پر یا اپنی خواتین پر یا اپنی مملوکہ باندیوں نوکرانیوں پر یا اپنے ان نوکروں پر جن کو عورتوں کی شہوت نہ ہو یا ان لڑکوں پر جو عورتوں کی شرم والی باتوں پر مطلع نہ ہوں اور اپنے پائوں سے اس طرح چلیں جس سے ان کے پائوں کی وہ زینت ظاہر ہوجائے جس کو وہ چھپائے رکھتی ہیں اور اے مسلمانو تم سب اللہ کی طرف توبہ کرو تاکہ تم فلاح پائو

تفسیر:

اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : اور آپ مسلمان عورتوں سے کہیے کہ وہ اپنی نگاہوں کو نیچے رکھیں اور اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کریں اور اپنی زیبائش کو ظاہر نہ کریں مگر جو خود ظاہر ہو اور اپنے دوپٹوں کو اپنے گریبانوں پر ڈالے رکھیں، اور اپنی زیبائش کو صرف اپنے شوہروں پر ظاہر کریں یا اپنے باپ دادا یا اپنے شوہروں کے باپ دادا پر اپنے بیٹوں یا اپنے شوہروں کے بیٹوں پر یا اپنے بھائیوں پر یا اپنے بھتیجوں پر یا اپنے بھانجوں پر یا اپنی خواتین یا اپنی مملوکہ باندیوں نوکرانیوں پر یا ان نوکروں پر جن کو عورتوں کی شہوت نہ ہو یا ان لڑکوں پر جو عورتوں کی شرم والی باتوں پر مطلع نہ ہوں اور اپنے پائوں سے اس طرح نہ چلیں جس سے ان کے پائوں کی وہ زینت ظاہر ہوجائے جس کو وہ چھپائے رکھتی ہیں، اور اے مسلمانو تم سب اللہ کی طرف توبہ کرو تاکہ تم فلاح پائو ۔ (النور : ٣١)

عورتوں کو نگاہ نیچی رکھنے کے متعلق احادیث 

اس سورت کو اللہ تعالیٰ نے زنا کی حرمت اور ممانعت سے شروع فرمایا ہے اور زنا کا مقدمہ یہ ہے مرد اجنبی عورت کی طرف دیکھے اور عورت مرد کی طرف دیکھے اس سے پہلی آیت میں مردوں کی طرف دیکھنے سے منع فرمایا ہے اور اس آیت میں عورتوں کو اجنبی مردوں کی طرف دیکھنے سے منع فرمایا ہے اس ممانعت کے سلسلہ میں حسب ذیل احادیث ہیں :

نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی زوجہ محترمہ حضرت ام المومنین ام سلمہ (رض) بیان کرتی ہیں کہ وہ اور آپ کی دوسری زوجہ حضرت میمونہ (رض) رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے پاس بیٹھی ہوئی تھیں کہ حضرت ابن ام مکتوم (رض) آپ کے پاس آئے یہ اس وقت کی بات ہے جب ہمیں حجاب میں رہنے کا حکم دیا گیا تھا تو رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا تم دونوں اس سے حجاب میں چلی جائو میں نے عرض کیا یا رسول اللہ کیا یہ نابینا نہیں ہے یہ تو ہم کو نہیں دیکھ سکے گا تب رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا کیا تم دونوں بھی نابینا ہو، کیا تم اس کو نہیں دیکھ رہیں۔ یہ حدیث حسن صحیح ہے۔ (سنن الترمذی رقم الحدیث : ٢٧٧٨، سنن ابو دائود رقم الحدیث : ٤١١٢، مسند احمد ج ٦ ص ٢٩٦، مسند ابو یعلیٰ رقم الحدیث : ٦٩٢٢، صحیح ابن حبان رقم الحدیث : ٥٥٧٥، المعجم الکبیر ج ٢٣، رقم الحدیث : ٩٥٦۔ ٦٧٨، سنن بیہقی ج ٧ ص ٩١)

اس حدیث کے بظاہر معارض اور خلاف یہ حدیث ہے :

حضرت فاطمہ بنت قیس (رض) بیان کرتی ہیں کہ حضرت عمرو بن حفص نے ان کو طلاق بائن دے دی اور وہ غائب تھے، پھر انہوں نے اپنے وکیل کے ہاتھ کچھ جو بھیجے وہ اس وکیل پر ناراض ہوئیں، اس وکیل نے کہا اللہ کی قسم ہم پر تمہاری کوئی چیز واجب نہیں ہے، جب رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) آئے تو حضرت فاطمہ بنت قیس نے آپ سے اس کا ذکر کیا تو آپ نے حضرت فاطمہ بنت قیس سے فرمایا اس پر تمہارا نفقہ واجب نہیں ہے، پھر آپ نے ان کو حضرت ام شریک کے گھر عدت گزارنے کا حکم دیا، پھر آپ نے فرمایا وہ ایسی عورت ہے کہ اس کے پاس میرے اصحاب کا جمگھٹا لگا رہتا ہے تم ابن ام مکتوم کے پاس عدت گزارو، وہ نابینا شخص ہے تم اپنے کپڑے رکھ سکو گی اور جب تمہاری عدت پوری ہوجائے تو مجھے خبر دینا، حضرت فاطمہ بن قیس نے کہا جب میری عدت پوری ہوگئی تو میں نے آپ سے ذکر کیا کہ حضرت معاذ بن ابی سفیان اور حضرت ابوجہم دونوں نے مجھے نکاح کا پیغام دیا ہے رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا رہے ابو جہم تو وہ کندھے سے اپنی لاٹھی اتارتے ہی نہیں اور رہے معاویہ تو وہ مفکس ہیں ان کے پاس مال نہیں ہے تم اسامہ بن زید سے نکاح کرلو، تو میں نے ان کو ناپسند کیا (کیونکہ یہ آزاد تھیں اور وہ غلام زادے تھے) آپ نے فرمایا تم اسامہ سے نکاح کرلو میں نے ان سے نکاح کرلیا، تو اللہ نے اس نکاح میں خیر رکھ دی اور مجھ پر رشک کیا جاتا تھا۔ (صحیح مسلم رقم الحدیث : ١٤٨٠، سنن ابودائود رقم الحدیث : ٢٢٨٤، سنن النسائی رقم الحدیث : ٣٥٤٦، السنن الکبریٰ رقم الحدیث : ٥٣٥٢ )

علامہ یحیی بن شرف نوادی اس حدیث کی شرح میں لکھتے ہیں :

صحابہ کرام (رض) حضرت ام شریک (رض) کی زیارت کرتے تھے اور ان کی نیکی کی وجہ سے بہ کثرت ان کے پاش آتے جاتے تھے اس لئے نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی یہ رائے تھی کہ اگر حضرت فاطمہ بنت قیس نے ان کے گھر عدات گزاری تو ان کو حرج ہوگا کیونکہ ان کو آنے جانے والوں سے پردہ کرنے میں مشکل ہوگی اس لئے ان کو یہ مشورہ دیا کہ وہ حضرت ابن ام مکتوم کے گھر عدت گزاریں کیونکہ ایک تو وہ ان کو دیکھ نہیں سکیں گے دوسرے ان کے گھر آنے جانے والے نہیں ہیں، اس سے بعض لوگوں نے یہ استدلال کیا کہ عورت کا اجنبی مرد کی طرف دیکھنا جائز ہے لیکن یہ استدلال فاسد ہے کیونکہ جس طرح قرآن مجید نے مردوں کو اجنبی عورتوں کی طرف دیکھنے سے منع کیا ہے اسی طرح عورتوں کو بھی اجنبی مردوں کی طرف دیکھنے سے منع کیا ہے اور حضرت ام سلمہ کی حدیث میں بھی ہے کہ آپ نے حضرت ابن مکتوم کے آنے پر فرمایا تھا تم دونوں تو اندھی ہو، اور حضرت فاطمہ بنت قیس کی حدیث کا جواب یہ ہے کہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے حضرت فاطمہ بنت قیس کو ابن ام مکتوم کی طرف دیکھنے کی جازت نہیں دی ہے بلکہ اس میں یہ فرمایا ہے کہ وہ ان کے گھر میں اپنی طرف دیگر مردوں کے دیکھنے سے مامون رہیں گی اور قرآن مجید کے حکم کے مطابق ان کو وہاں بھی حضرت ابن ام مکتوم کے سامنے نظریں نیچی رکھنے کا حکم ہوگا البتہ حضرت ام شریک کی بہ نسبت ان کے گھر میں ان کے لئے عدت گزارنا آسان ہوگا۔ (شرح مسلم مع مسلم ج ٦ ص 4026 مکتبہ نزار مصطفیٰ مکہ مکرمہ، 1417 ھ)

اس آیت میں فرمایا ہے : اور وہ اپنی زینت کو ظاہر نہ کریں، زینت دو قسم کی ہے، ایک ظاہری زینت ہے وہ عورتوں کا لباس ہے اور ایک مخفی زینت ہے وہ عورتوں کے زیورات ہیں۔ (جامع البیان رقم الحدیث :19644)

سوا اس کے جو خود ظاہر ہو، سعید بن جبیر اور عطاء نے کہا اس سے مراد چہرہ اور ہتھیلیاں ہیں، حضرت ابن عباس (رض) نے فرمایا : زینت ظاہرہ چہرہ اور آنکھ کا سرمہ ہے اور ہاتھوں کی مہندی ہے اور انگوٹھی ہے یہ وہ چیزیں ہیں جو گھر میں آنے جانے والوں پر ظاہر ہوجاتی ہیں۔ (جامع البیان رقم الحدیث :19655، 19653، 19652)

حضرت عائشہ (رض) نے فرمایا : اللہ تعالیٰ ہجرت کرنے والی خواتین پر رحم فرمائے جب یہ آیت نازل ہوئی : ولیضرمن بخمرھن علی جیوبھن تو انہوں نے اپنی چادروں کو پھاڑ کردو ٹکڑے کئے اور ان سے اپنے سنیوں کو ڈھانپ لیا۔ (جامع البیان رقم الحدیث :19665)

حضرت ابن عباس (رض) نے کہا اللہ تعالیٰ نے فرمایا اور اپنی زیبائش صرف اپنے شوہروں پر ظاہر کریں عورتوں کے ان محارم وغیرہ کا ذکر کیا ہے جن پر زیبائش کو ظاہر کیا جاسکتا ہے، اس زیبائش سے مراد زیورات وغیرہ ہیں اور رہے عورتوں کے بال تو ان کو ان کے شوہروں کے سوا اور کسی کے سامنے ظاہر کرنا جائز نہیں ہے۔ (جامع البیان رقم الحدیث :19669)

جن محارم وغیرہ کے سامنے اپنی زیبائش کو ظاہر کرسکتی ہے اس میں اپنی خواتین اور اپنی مملوکہ باندیوں کا بھی ذکر جن محارم وغیرہ کے سامنے عورت اپنی زیبائش کو ظاہر کرسکتی ہے اس میں اپنی خواتین اور اپنی مملوکہ باندیوں کا بھی ذکر فرمایا ہے، اس کا معنی یہ ہے کہ غیر مسلم عورتوں کے سامنے عورت کے لئے اپنی زیبائش کو ظاہر کرنا جائز ہ۔

ابن جریج نے کہا مجھے یہ حدیث پہنچی ہے کہ اس سے مراد مسلم خواتین ہیں اور کسی مسلم خاتون کے لئے یہ جائز نہیں ہے کہ وہ اپنی باطنی زینت کسی مشرکہ کو دکھائے سوائے اس صورت کے کہ وہ اس کی بانید ہو۔ (جامع البیان رقم الحدیث :19671)

اور فرمایا اور اپنے ان نوکروں پر جن کو عورتوں کی شہوت نہ ہو : اس سے مراد ایسے لوگ ہیں جن کا مقصد صرف کھانا پینا ہو اور ان کو عورتوں کی بالکل خواہش نہ ہو اور جس نوکر یا خادم کو عورتوں کی طرف رغبت ہو اس کو گھروں میں عورتوں کے پاس نہ جانے دیا جائے۔ حضرت عائشہ (رض) بیان کرتی ہیں کہ نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی ازواج کے پاس ایک مخنث آتا جاتا تھا اور گھر والوں کو یہ گمان تھا کہ اس کو عورتوں کی خواہش نہیں ہے، ایک دن نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) آئے اور وہ آپ کی ازواج کے پاس بیٹھا ہوا تھا، وہ ایک عورت کی تعریف کر رہا تھا کہ وہ اتنی موٹی ہے کہ اس کے جسم پر سلوٹیں پڑتی ہیں، نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا میں یہ گمان نہیں کرتا کہ یہ ان تمام چیزوں کو سمجھتا ہے، یہ تمہارے پاس نہ آیا کرے، پھر ازواج مطہرات اس سے پردہ کرنے لگیں۔ (صحیح مسلم رقم الحدیث :2181، سنن ابودائود رقم الحدیث :4107 السنن الکبریٰ للنسائی رقم الحدیث :9247)

حضرت ابن عباس نے اس کی تفسیر میں فرمایا اس سے مراد مخنث ہے، ابن المنذر نے کلبی سے روایت کیا کہ اس سے مراد خصی اور عنین (نامرد) ہے۔ (الدرا المنثور ج ٦ ص 185، 184، مطبوعہ دارالفکر بیروت، 1414 ھ)

اس کے بعد فرمایا : اور اپنے پائوں سے اس طرح نہ چلیں جس سے ان کے پائوں کی وہ زینت ظاہر ہوجائے جس کو وہ چھپائے رکھتی ہیں۔

یعنی کوئی عورت فرش پر زور زور سے پیر مار کر اس طرح نہ چلے کہ اس سے اس کی پازیب کی آواز گھر سے باہر سنائی دے۔ جس عورت نے خوشی سے یا اتراتے ہوئے ایسا کیا تو اس کا یہ عمل مکروہ ہے او اگر اس نے مردوں کو دکھانے، سنانے اور ان کو لبھانے کے لئے ایسا کیا تو اس کا عمل مذموم اور حرام ہے۔

تبیان القرآن – سورۃ نمبر 24 النور آیت نمبر 31