وَاتَّخَذُوۡا مِنۡ دُوۡنِهٖۤ اٰلِهَةً لَّا يَخۡلُقُوۡنَ شَيۡئًـا وَّهُمۡ يُخۡلَقُوۡنَ وَلَا يَمۡلِكُوۡنَ لِاَنۡفُسِهِمۡ ضَرًّا وَّلَا نَفۡعًا وَّلَا يَمۡلِكُوۡنَ مَوۡتًا وَّلَا حَيٰوةً وَّلَا نُشُوۡرًا ۞- سورۃ نمبر 25 الفرقان آیت نمبر 3
أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
وَاتَّخَذُوۡا مِنۡ دُوۡنِهٖۤ اٰلِهَةً لَّا يَخۡلُقُوۡنَ شَيۡئًـا وَّهُمۡ يُخۡلَقُوۡنَ وَلَا يَمۡلِكُوۡنَ لِاَنۡفُسِهِمۡ ضَرًّا وَّلَا نَفۡعًا وَّلَا يَمۡلِكُوۡنَ مَوۡتًا وَّلَا حَيٰوةً وَّلَا نُشُوۡرًا ۞
ترجمہ:
اور لوگوں نے اللہ کے سوا اور معبود قرار دے لئے جو کسی چیز کو پیدا نہیں کرسکتے وہ خود پیدا کئے گئے ہیں اور نہ وہ اپنے لئے کسی ضرر اور نفع کے مالک ہیں اور نہ وہ موت کے مالک ہیں اور نہ حیات کے اور نہ مرنے کے بعد زندہ کئے جانے کے
تفسیر:
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : اور لوگوں نے اللہ کے سوا اور معبود قرار دے لئے جو کسی چیز کو پیدا نہیں کرسکتے وہ خود پیدا کئے گئے ہیں، اور نہ وہ اپنے لئے کسی نفع اور ضرر کے مالک ہیں اور نہ وہ موت کے مالک ہیں اور نہ حیات کے اور نہ مرنے کے بعد زندہ کئے جانے کے۔ (الفرقان : ٣)
شرک کی پستی
اللہ تعالیٰ نے لوگوں کی فطرت میں یہ علم رکھا تھا کہ ان کا کوئی خالق ہے اور زمین و آسمان کی ہر چیز اس پر دلالت کرتی ہے کہ ان کا پیدا کرنے والا ان تمام مخلوقات سے ماورا ہے کیونکہ وہ اگر ان ہی کی جنس سے ہوتا تو ان کی طرح مخلوق ہوتا ان کا خالق نہ ہوتا، اور تمام مخلوق کا ایک نمط اور ایک نہج پر ہونا اس پر دلالت کرتا ہے کہ ان کا خالق بھی ایک ہے، اور اس تمام کائنات کا نظم واحد پر قائم رہنا یہ بتاتا ہے کہ اس کائنات کا خالق اور ناظم بھی واحد ہے، لیکن بیشتر لوگوں نے اس مشاہدہ سے صحیح رہنمائی حال نہیں کی اور بھٹک گئے اور بہت کم تر اور اسفل چیزوں کو اپنا خالق اور معبود مان لیا اللہ تعالیٰ نے دون کا فظ فرمایا جس کا معنی بہت پست اور بہت اسفل ہے یعنی اللہ کی شان جس قدر بلند اور برتر ہے، یہ بت اتنے ہی پست اور اسفل ہیں جن کو ان لوگوں نے اپنا خالق اور اپنا خدا مان لیا، جو کسی چیز کو پیدا نہیں کرسکتے جو خود پیدا کئے گئے ہیں اور وہ اپنے لئے بھی کسی ضرر اور نفع کے مالک نہیں ہیں تو وہ اپنی پرستش کرنے والوں کو کب کسی ضرر سے بچا سکتے ہیں یا کب کوئی نفع پہنچ اسکتے ہیں، اور نہ موت، نہ حیات اور نہ مر کر دوبارہ اٹھنے پر قادر ہیں۔
تبیان القرآن – سورۃ نمبر 25 الفرقان آیت نمبر 3