أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

وَلَـقَدۡ صَرَّفۡنٰهُ بَيۡنَهُمۡ لِيَذَّكَّرُوْا ‌ ۖ فَاَبٰٓى اَكۡثَرُ النَّاسِ اِلَّا كُفُوۡرًا‏ ۞

ترجمہ:

اور بیشک ہم نے اس پانی کو ان کے درمیان گردش دی تاکہ وہ نصیحت حاصل کریں لیکن اکثر لوگوں نے ناشکری کے سوا اور ہر رویہ کا انکار کردیا

قتادہ الفرقان : ٥٠ کی تفسیر میں بیان کرتے ہیں بیشک اللہ عزوجل نے اس رزق کو اپنے بندوں کے درمیان تقسیم کردیا ہے اور وہ اس رزق کو بندوں کے درمیان گردش میں لاتا رہتا ہے۔ (تفسیر امام ابن ابی حاتم رقم الحدیث : ١٥٢٥٠ )

بارش کے نظام میں اللہ تعالیٰ کی توحید اور اس کی قدرت پر دلیل 

اس آیت میں فرمایا ہے ہم نے اس عمل کو بار بار دہرایا ہے اور مختلف علاقوں میں اس عمل کو جاری کیا ہے، اس کا ایک معنی تو یہ ہے کہ ہم نے مختلف علاقوں میں بارش کو نازل کیا ہے اور اس کا دوسرا معنی یہ ہے کہ ہم نے بارش نازل کرنے کے ذکر کو قرآن مجید میں مختلف سورتوں میں بار بار ذکر فرمایا ہے تاکہ اگر لوگ غور کریں تو ان پر منکشف ہوجائے کہ اللہ تعالیٰ نے مختلف علاقوں میں پانی کی بہم رسانی کے لئے جو بارش کا انتظام کیا ہوا ہے یہ انتظام ہی اللہ تعالیٰ کے واحد رب العالمین ہونے کی دلیل ہے، چونکہ وہ تمام جہانوں کا رب ہے اور اس نے تمام جہان والوں کو رزق پہنچانا ہے اس لئے وہ صرف ایک علاقے میں بارش نازل نہیں کرتا بلکہ وقفہ وقفہ سے تما علاقوں میں بارش نازل فرماتا ہے، پھر اس میں بھی یہ حکمت کار فرما ہے جن علاقوں کی زمین میں جس جنس کی پیداوار کی صلاحیت ہوتی ہے اور اس کو جتنی بارش کی ضرورت ہوتی ہے وہاں پر اتنی بارش نازل فرماتا ہے، پھر بارش کے ذکر میں حشر و نشر پر بھی دلیل ہے کیونکہ ہم دیکھتے ہیں کہ ہر سال جب بارشیں ہوتی ہیں تو اسی زمین سے برساتی مینڈک اور دوسرے برساتی حشرارت الارض پیدا ہوجاتے ہیں پھر بارشیں ختم ہونے کے کچھ عرصہ بعد وہ اسی زمین میں مر کھپ جاتے ہیں اور دوسرے سال بارشوں کے موسم میں پھر پیدا ہوجاتے ہیں اور موت کے بعد حیات اور حیات کے بعد موت کا یہ سلسلہ یونہی اور دوسرے سال بارشوں کے موسم میں پھر پیدا ہوجاتے ہیں اور موت کے بعد حیات اور حیات کے بعد موت کا یہ سلسلہ یونہی چلتا رہتا ہے اور جس طرح اللہ تعالیٰ ان برساتی جانوروں کو ہر موسم میں موت کے بعد زندہ کرتا رہتا ہے اسی طرح وہ انسانوں کو بھی موت کے بعد زندہ فرمائے گا۔

القرآن – سورۃ نمبر 25 الفرقان آیت نمبر 50