وَلَقَدۡ اٰتَيۡنَا مُوۡسَى الۡكِتٰبَ وَجَعَلۡنَا مَعَهٗۤ اَخَاهُ هٰرُوۡنَ وَزِيۡرًا۞ سورۃ نمبر 25 الفرقان آیت نمبر 35
أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
وَلَقَدۡ اٰتَيۡنَا مُوۡسَى الۡكِتٰبَ وَجَعَلۡنَا مَعَهٗۤ اَخَاهُ هٰرُوۡنَ وَزِيۡرًا۞
ترجمہ:
اور بیشک ہم نے موسیٰ کو کتاب دی اور ان کے ہمراہ ان کے بھائی ہارون کو وزیر بنادیا
تفسیر:
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : اور بیشک ہم نے موسیٰ کو کتاب دی اور ان کے ہمراہ ان کے بھائی ہارون کو وزیر بنادیا۔ پس ہم نے فرمایا تم ان لوگوں کی طرف جائو جنہوں نے ہماری آیتوں کی تکذیب کی ہے، پھر ہم نے ان کو مکمل طور پر ہلاک کردیا۔ (الفرقان :35-36)
فرعون کی طرف صرف حضرت موسیٰ کو جانے کا حکم دیا تھا یا ان کے بھائی ہارون کو بھی ؟
اور بیشک ہم نے موسیٰ کو کتاب دی۔ اس کتاب سے مراد تو رات ہے، اور ان کے ہمر اہ ان کے بھائی ہارون کو وزیر بنادیا، وزیر سے مراد معین اور مددگار ہے۔ پس ہم نے فرمایا تم دونوں ان لوگوں کی طرف جائو جنہوں نے ہماری آیتوں کی تکذیب کی ہے ان لوگوں سے مراد فرعون، ہامان اور قبط ہیں۔
اس آیت میں حضرت موسیٰ اور حضرت ہارون دونوں کو قبطیوں کی طرف جانے کا حکم دیا اور النزعت : ١٧ اورطہ : ٢٤ میں صرف حضرت موسیٰ کو فرعون کی طرف جانے کا حکم دیا تھا اس کا جواب یہ ہے کہ یہ آیت اس کے منافی نہیں ہے کیونکہ جب ہر ایک کو قوم فرعون کی طرف جانے کا حکم دیا تھا تو جائز ہے کہ ان میں سے کسی ایک کی طرف جانے کی نسبت کردی جائے اور یہ بھی ہوسکتا ہے کہ پہلے صرف حضرت موسیٰ کو جانے کا حجم دیا ہو لیکن جب حضرت موسیٰ نے دعا کی کہ میرے اہل میں سے میرے بھائی کو میرا وزیر بنا دے (طہ : ٢٩) تو پھر دونوں کو قوم فرعون کی طرف جانے کا حکم دیا۔
تبیان القرآن – سورۃ نمبر 25 الفرقان آیت نمبر 35