وَمَنۡ تَابَ وَعَمِلَ صَالِحًـا فَاِنَّهٗ يَتُوۡبُ اِلَى اللّٰهِ مَتَابًا ۞- سورۃ نمبر 25 الفرقان آیت نمبر 71
أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
وَمَنۡ تَابَ وَعَمِلَ صَالِحًـا فَاِنَّهٗ يَتُوۡبُ اِلَى اللّٰهِ مَتَابًا ۞
ترجمہ:
اور جس نے توبہ کی اور نیک عمل کئے تو بیشک وہ اللہ کی طرف سچی توبہ کرتا ہے
تفسیر:
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : اور جس نے توبہ کی اور نیک عمل کئے تو بیشک وہ اللہ کی طرف سچی توبہ کرتا ہے۔ (الفرقان : ١٧)
دوبارہ توبہ کرنے والوں کے ذکر کا فائدہ
اس آیت کا خلاصہ یہ ہے جس نے توبہ کی وہ اللہ کی طرف توبہ کرتا ہے بہ ظاہر یہ غیر محصل معنی ہے، اس لئے حضرت ابن عباس (رض) نے فرمایا اس آیت کا یہ معنی ہے : اہل مکہ میں سے جو شخص ایمان لے آیا اور اس نے ہجرت کرلی اور اس نے قتل کیا نہ زنا کیا بلکہ نیک کام کئے اور فرئاض کو ادا کیا تو ان کی اللہ کی طرف سچی توبہ ہے، یعنی میں نے ان کو، ان لوگوں پر فضیلت دی ہے جنہوں نے نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے قتال کیا اور حرام کاموں کو حلال قرار دیا، قفال نے کہا یہ بھی ہوسکتا ہے کہ پہلی آیت ان لوگوں کے متعلق ہو جنہوں نے مشرکین میں سے توبہ کی ہو اور دوسری آیت ان لوگوں کے متعلق ہو جنہوں نے مسلمانوں میں سے توبہ کی ہو اور توبہ کرنے کے بعد نیک عمل کئے ہوں کیونکہ وہ بھی توبہ کرنے والوں کے حکم میں ہیں، اور ایک قول یہ ہے کہ اس آیت میں یہ بتایا ہے کہ جس نے زبان سے توبہ کی اور توبہ کو پختہ کرنے کے لئے نیک عمل نہیں کئے تو اس کی توبہ نفع آور نہیں ہوگی، بلکہ جو توبہ کرے اور اس کے بعد نیک عمل کرے تو وہ اپنی توبہ کو اعمال صالحہ سے پختہ کردیتا ہے۔ (الجامع لا حکام القرآن جز ١٣ ص ٧٦ مطبوعہ دار الفکر بیروت، ١٤١٥ ھ)
تبیان القرآن – سورۃ نمبر 25 الفرقان آیت نمبر 71