الفصل الثانی

دوسری فصل

حدیث نمبر 440

روایت ہے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے کہ فرماتی ہیں کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم جب رات میں جاگتے تو کہتے تیرے سوا کوئی معبود نہیں،الٰہی تو پاک ہے،تیری حمد ہے اپنے گناہوں کی تجھ سے معافی چاہتا ہوں،تجھ سے تیری رحمت مانگتا ہوں،الٰہی میرا علم بڑھا دے اور ہدایت کے بعد دل ٹیڑھا نہ کردے ۱؎ مجھے اپنی طرف سے رحمت دے،بے شک تو ہی دینے والا ہے ۲؎ (ابوداؤد)

شرح

۱؎ اگرچہ یہ دونوں چیزیں بھی رحمت میں شامل تھیں لیکن چونکہ بہت شاندار نعمتیں ہیں اس لیئے ان کا علیحدہ ذکر کیا اس سے معلوم ہوا کہ علم کی ا نتہا نہیں اور کوئی شخص علم پر قناعت نہ کرے بلکہ ہمیشہ طالب علم رہے اور اپنے کو شیطان سے محفوظ نہ سمجھے دل بدلتے دیر نہیں لگتی یہ دعائیں ہماری تعلیم کے لیئے ہیں۔

۲؎ یہاں رحمت سے مراد ایمان و ہدایت پر ثابت قدمی اور نیک اعمال کی توفیق ملنا ہے۔(مرقات)