حدیث نمبر 447

روایت ہے حضرت ربیعہ ابن کعب اسلمی سے فرماتے ہیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حجرے کے پاس میں رات گزارتا تھا،میں آپ کو سنتا تھا کہ جب آپ رات میں اٹھتے تو بہت دیر تک کہتے جہانوں کا پالنے والا پاک ہے پھر بہت دیر تک کہتے اﷲ پاک ہے اس کی حمد ہے ۱؎(نسائی)ترمذی میں اس کی مثل ہے،ا ور انہوں نے فرمایا کہ یہ حدیث حسن صحیح ہے۔

شرح

۱؎ یعنی ربیعہ اپنے گھر کی بجائے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے حجرے کے پاس رات گزارتے اور چوکھٹ شریف پر سر رکھ کر آرام کرتے تاکہ رات میں بوقت ضرورت حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت کریں اور آپ کے اعمال و اقوال شریفہ یاد کریں،اسی خدمت کا صلہ انہیں وہ ملا جو باب السجود میں گزر چکا یعنی جنت میں حضورصلی اللہ علیہ وسلم کی ہمراہی کریم کے دروازہ سے سب کچھ ملتا ہے۔غالب یہ ہے کہ یہ ذکر حضورصلی اللہ علیہ وسلم اندر حجرے میں کرتے تھے اور آپ باہر سنتے تھے۔