حدائق بخشش کا ترکی زبان میں ترجمہ
حدائق بخشش کا ترکی زبان میں ترجمہ ترکی سے منظر عام پر….. سلجوق یونیورسٹی کے اسکالر حافظ عامر علی کا مشکبار کارنامہ…..محبتوں کی شمع طاق دل پر فروزاں رہے…..

حدائقِ بخشش کا ترکی ترجمہ منظر عام پر
قونیہ یونیورسٹی کے ریسرچ اسکالر اور پروفیسر کی کاوشِ محترم
مالیگاﺅں(پریس ریلیز)
موصولہ اطلاع کے مطابق امام نعت گویاں عاشقِ رسول امام احمد رضا قادری برکاتی بریلوی کے مشہورِ زمانہ نعتیہ مجموعۂ کلام کا ترکی زبان میں ترجمہ منظرِ عام پر آچکا ہے۔
واضح ہونا چاہیے کہ اب تک دنیا کی کئی مشہور و معروف زبانوں میں حدائق بخشش کے تراجم ہوچکے ہیں۔
ڈاکٹر محمد حسین مشاہد رضوی کو اس اہم کام کی اطلاع فداے رضویت حضرت صاحب زادہ سید وجاہت رسول قادری نے بہ ذریعۂ میل دی۔ دبستانِ نعت فورم، امریکہ، مدحت فورم، کینیڈا، نعت بک لائب ریری، دعوۃ القرآن انٹرنیشنل، نفس اسلام ٹیم، صاحب زادہ سید وجاہت رسول قادری (کراچی)، علامہ افتخار الحسن رضوی(مدینہ منورہ)، محمد عرفان قادری (مدینہ منورہ)، مولانا ثاقب رضا قادری(لاہور)، پروفیسر علامہ افروز قادری چریاکوٹی(کیپ ٹاﺅن)، ابوالمیزاب اویس رضوی (کراچی) اور ڈاکٹر مشاہد رضوی(مالیگاﺅں)نے فاضل مترجمین عزت مآب پروفیسر ڈاکٹر رجب درقون صاحب (قونیہ یونیورسٹی) اور محترم المقام جناب حافظ عامر علی (ریسرچ اسکالر قونیہ یونی ورسٹی)کو ہدیۂ تبریک و تہنیت پیش کرتے ہوئے ۔
اللّٰہ کریم کی بارگاہ میں دعاﺅں کا نذرانہ عرض کیا کہ رب عظیم ان کی اس خدمت کو شرفِ قبول بخشے! آمین!
کتاب کا نام ۔۔۔۔۔۔ حدائق بخشش،
شاعر:امام احمد رضا خان بریلوی
ترکی ترجمہ: Mağfiret Bahçeleri
مترجمین: ڈاکٹر رجب درقون، حافظ عامر علی
ناشر:Kömen yayınları, Konya, Turkey
مجموعہ کلام رضاؔ ’’حدائق بخشش‘‘کے ترکی ترجمہ کی ترکی علما و اسکالرز میں تقسیم
امام احمد رضا کی جہان بھر میں مقبولیت عشقِ رسول ﷺ کی بنیاد پر ہے
سرزمین ترکی سے اعلیٰ حضرت امام احمد رضا قادری رحمۃ اللہ علیہ کے نعتیہ مجموعہ ’’حدائق بخشش‘‘ کا ترکی زبان میں ترجمہ کی اشاعت عمل میں آئی۔واضح رہے کہ اب تک دو ایڈیشن شائع ہو کر ترکی کے دینی و علمی حلقوں میں مقبول ہو چکے ہیں۔ چوں کہ اعلیٰ حضرت کے کلام میں عشقِ رسول ﷺ کے ساتھ ہی شرعی حزم و احتیاط بھی مثالی ہے، اس لیے اللہ تعالیٰ نے آپ کی نعتوں کو بڑی مقبولیت عطا کی۔ ڈاکٹر رجب درگن اور حافظ عامر علی نے منظوم ترجمہ کیا۔اعلیٰ حضرت کے کلام کی بلاغت و جامعیت سے ماہرین ادب خوب واقف ہیں،مترجمین نے تفہیم کلامِ رضا میں بڑی محنت و انہماک سے کام لیا۔پھر ترکی میں منظوم ترجمہ کیا جو بلاشبہ ایک عظیم کارنامہ ہے۔ اول الذکر مترجم سلجوق یونیورسٹی میں اردو ڈپارٹمنٹ میں استاذ ہیں- ثانی الذکر مترجم سلجوق یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کے اسکالر ہیں- “حدائق بخشش” کا پہلا ترکی ایڈیشن جون ٢٠١٦ء میں شائع ہوا۔ جب کہ حدائق بخشش کا دوسرا ترکی ایڈیشن ۲۳؍جون ۲۰۱۹ء کو منظر عام پر آیا۔ ترکی سے یہ نسخہ ۶۰۰؍ کی تعداد میں شائع ہوا۔ آخرالذکر ایڈیشن قونیہ اور استنبول میں دستیاب ہے۔اس کے تقریباً ۳۰۰؍نسخے علمائے ترکی، یونیورسٹیز کےپروفیسرز نیز لائبریریوں میں پیش کیے گئے۔اسی طرح انقرہ، قونیہ،استنبول اور ازمیر کے علما میں یہ نسخے تقسیم کیے گئے۔ ’’حدائق بخشش‘‘ کا یہ ترجمہ مدینہ منورہ میں حضور امین ملت ڈاکٹر سید محمد امین میاں مارہروی دام فیوضہٗ(سجادہ نشین خانقاہ برکاتیہ مارہرہ شریف) کی خدمت میں پیش کیا،آپ نے اسے ملاحظہ کیا اور فرمایا:’’حافظ عامر علی اور ڈاکٹر رجب درگن نے حدائق بخشش کا ترکی زبان میں شیریں ترجمہ کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ انھیں جزائے خیر عطا فرمائے اور ان سے مزید کام لے۔‘‘اس کام کی انجام دہی میں حضرت سید وجاہت رسول قادری علیہ الرحمۃ کی بھی خواہش و ایما کا دخل رہا ہے- امید ہے کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے علمی کام سرزمین ترکی سے انجام پذیر ہوں گے اور فکرِ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا کی کرنیں قلب و نگاہ کو روشن و منور کریں گی۔
ترسیل: نوری مشن مالیگاؤں
٭ ٭ ٭
٢٠ جون ٢٠٢٠ء

