خواجہ غریب نواز کی توہین نفرتوں کو بڑھاوا دینے کی سازش
خواجہ غریب نواز کی توہین نفرتوں کو بڑھاوا دینے کی سازش
نوری مشن ناسک کا نیوز 18 کے اینکر امیش دیوگن پر کارروائی کا مطالبہ
ناسک: نیوز 18 کے اینکرامیش دیوگن نے سلطان الہند خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ کی شان میں گستاخی کا ارتکاب کیا جس سے پورے ملک کے مسلمان اور امن پسند بھارتی شدید رنجیدہ ہیں۔ خانقاہوں، تنظیموں، اداروں اور سماجی و ملی تنظیموں کی طرف سے مسلسل یہ ڈیمانڈ کی جا رہی ہے کہ مذکورہ اینکر کو فوری گرفتار کیا جائے اور سخت دفعات عائد کی جائیں تا کہ پھر کوئی اِس طرح نفرت پھیلانے کی جرأت نہ کر سکے۔ اِس طرح کا بیان نوری مشن ناسک نے 18؍جون کو جاری کیا۔ اسی دن دوپہر میں نوری مشن کا ایک وفد ممبئی ناکہ پولیس اسٹیشن ناسک میں پولیس پی آئی وجے کمار دھمال سے ملاقات کو پہنچا۔جہاں تحریری عریضہ پیش کیا گیا جس میں مذکورہ چینل کے گستاخ اینکر پر کارروائی کا مطالبہ درج تھا۔ اِسی کے ساتھ یہ بھی کہا گیا کہ چوں کہ بھارت میں امن واخوت کی علامت حضور خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ کی بارگاہِ اقدس ہے جہاں سے کروڑوں لوگوں کا روحانی رشتہ ہے۔ ایسی عظیم ہستی کے خلاف دہشت گردانہ ریمارک کا مقصد ملک میں نفرت کو بڑھاوا دینا ہے اور ملک کو کمزور کرنے کی سازش ہے۔ اس لیے ایسی سازش کو ناکام بنانے کے لیے گستاخ اینکر پر سخت دفعات کے تحت کارروائی کی جائے۔ اس موقع پر ممبئی ناکہ پولیس اسٹیشن ناسک کے وجے کمار دھمال نے بھی یہ بات کہی کہ یہ واقعہ افسوس ناک ہے جس کی میں بھی مذمت کرتا ہوں۔موصوف نے یقین دہانی کروائی کہ پولیس اس معاملے میں کارروائی کرے گی۔ واضح ہو کہ اہلسنّت سے وابستہ خانقاہوں، تنظیموں اور اداروں کی جانب سے پورے ملک میں مذکورہ حرکت پر پُر امن و جمہوری طریقے سے احتجاج درج کروایاجا رہا ہے۔ وفد میں ڈاکٹر امام خان، احمد رضا شیخ، خضر رضوی، تنظیم رضوی، صوفی رضا، شعیب پٹیل، عظیم اشرفی، عابد نواز، مدثر پٹھان وغیرہ شامل تھے۔
١٨ جون ٢٠٢٠ء