وَاِنَّ رَبَّكَ لَهُوَ الۡعَزِيۡزُ الرَّحِيۡمُ۞- سورۃ نمبر 26 الشعراء آیت نمبر 104
أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
وَاِنَّ رَبَّكَ لَهُوَ الۡعَزِيۡزُ الرَّحِيۡمُ۞
ترجمہ:
بیشک آپ کا رب ہی ضرور بہت غالب بےحد رحم فرمانے والا ہے
اللہ تعالیٰ کا رحیم ہونا
اس کے بعد فرمایا : بیشک آپ کا رب ہی ضرور بہت غالب، بےحد رحم فرمانے والا ہے۔ (الشعرائ : 104)
اللہ تعالیٰ بہت غالب ہے جب چاہے منکرین اور مشرکین پر عذاب بھیج کر ان کو نیست و نابود کرسکتا ہے اور بہت رحیم ہے کہ وہ عذاب نازل کرنے میں جلدی نہیں کرتا اور مشرکین کو رجوع کرنے اور توبہ کرنے کی مہلت دیتا ہے اور جو اس کی بارگاہ میں توبہ کے لئے ہاتھ اٹھاتا ہے اس کی توبہ قبول فرما لیتا ہے اور اللہ تعالیٰ نے اپنی رحمت واسعہ سے قریشی کو ایمان لانے کی مہلت دی یا یہ کہ ان کی اولاد میں سے کوئی ایمان لے آئے۔
انسان کا نفس اس کو برائی کا حکم کرتا ہے اس لئے وہ اس کو کفر کا حکم دیتا ہے اور کم لوگ ایسے ہوتے ہیں جو اپنے نفس امارہ کی مخالفت کرکے ایمان اور تقویٰ کی راہ اختیار کرتے ہیں اس لئے فرمایا ان میں سے اکثر ایمان لانے والے نہ تھے۔
اللہ تعالیٰ رحیم ہے وہ اپنی رحمت سے ان لوگوں کو اپنی راہ دکھاتا ہے جو اس کی طرف پہنچنے کے لئے کوشش اور جدوجہد کرتے ہیں، ہرچند کہ ہدایت اللہ تعالیٰ کی عطا اور اس کے کرم سے حاصل ہوتی ہے لیکن اس کے لئے ہدایت کے اسباب کو حاصل کرنا ضروری ہے اور انسان اس دنیا میں ہی اللہ کی نافرمانی کرنے پر اپنے نفس کو ملامت کرے اور گناہوں پر توبہ کرے اور ان کا تدارک اور تلافی کرے بجائے اس کے کہ قیامت کے دن کفار کی طرح اپنے برے اعمال پر کف افسوس ملے اور پچھتائے اور یہ تمنا کرے کہ کاش اس کو ایک اور نیکی کرنے کا موقع دیا جائے اور پھر دنیا میں بھیج دیا جائے، سو وہ اس دنیا میں ہی اپنے برے کاموں پر خود کو ملامت کرے اور توبہ کرے اور اپنی اصلاہ کرے اور اللہ تعالیٰ بہت توبہ قبول کرنے والا ہے اور بہت رحیم ہے، اللہ تعالیٰ مجھے اور میرے قارئین کو غور سے سننے والا اور عبرت حاصل کرنے والا بنائے، اپنی خامیوں کی اصلاح کرنے والا، توبہ کرنے والا اور نیک عمل کرنے والا بنائے۔ ہدایت پر مستقیم رکھے اور ایمان پر خاتمہ فرمائے اور دنیا، قبر، حشر اور آخرت کے تمام مراحل میں رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی زیارت، آپ کی شفاعت اور آپ کے قرب سے متمتع فرمائے۔ آمین
القرآن – سورۃ نمبر 26 الشعراء آیت نمبر 104