حدیث نمبر 473

روایت ہے حضرت عثمان ابن ابوالعاص سے فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا کہ داؤد علیہ السلام کی رات میں ایک گھڑی ایسی تھی جس میں اپنے گھر والوں کو جگاتے تھے ۱؎ فرماتے تھے اے داؤد کے گھر والو اٹھو نماز پڑھ لو کیونکہ یہ وہ گھڑی ہے جس میں اﷲ تعالٰی جادو گر یا محصولیوں کے سوا سب کی دعا قبول فرماتا ہے۲؎(احمد)

شرح

۱؎ یعنی ساری بیویوں اور سارے بچوں کو کیونکہ لفظ اہل ان سب کو شامل ہے۔

۲؎ چونکہ یہ دونوں بڑے ظالم ہوتے ہیں کہ جادو گر لوگوں پر جانی ظلم کرتا ہے اور چنگی والے ٹیکس وصول کرنے والے مالی ظلم بہت کرتے ہیں اور ان کے ذمہ حقوق العباد بہت ہوتے ہیں اس لیئے ان کی تہجد کے وقت مانگی ہوئی دعا بھی قبول نہیں ہوتی کیونکہ لوگوں کی بددعائیں ان کے پیچھے پڑی ہوتی ہیں۔صوفیاء فرماتے ہیں دعا کی قبولیت چاہتے ہو تو بددعائیں نہ لو،عُشَّار عشر سے بنا،بمعنی پیداوار کا دسواں حصہ جو حکومت لیتی ہے۔