الفصل الثانی

دوسری فصل

حدیث نمبر 488

روایت ہے حضرت ابی امامہ سے فرماتے ہیں کہ میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا کہ جو اپنے بستر پر پاک ہو کر لیٹے ۱؎ اور اﷲ کا ذکر کرتا رہے حتی کہ اسے نیند آجائے ۲؎ تو رات کی کسی گھڑی میں کروٹ نہ لیگا جس میں ا ﷲ سے دنیا اور آخرت کی خیر مانگے مگر رب اسے یہ دے گا۔۳؎ اسے نووی نے کتاب الاذکار میں ابن سنی کی روایت سے ذکر کیا ۴؎

شرح

۱؎ گناہوں سے پاک ہو کر توبہ و استغفار کرے یا ظاہر نجاستوں سے پاک ہو کر کہ جسم،کپڑے،بستر سب پاک ہوں یا باطنی نجاست سے پاک ہو کر وضو یا تیمم کرکے جیسا کہ پہلے گزر چکا۔

۲؎ زبان سے ذکر کرتا ہوا سوئے یا دل سے یا سانس سے پاس انفاس کرتا ہوا تیسرے معنی زیادہ موزوں ہیں۔

۳؎ یعنی ایسا آدمی اگر شب میں کروٹ لیتے ہوئے بھی دعا مانگ لے گا تو قبول ہوگی اگر تہجد کے لیئے اٹھ بیٹھے اور پھر دعا کرے تو سبحان اﷲ!

۴؎ اور ترمذی نے شہر ابن حوشب سے اور فرمایا کہ حدیث حسن ہے۔(مرقاۃ)