ایک رکعت سے وتر
sulemansubhani نے Friday، 26 June 2020 کو شائع کیا.
حدیث نمبر 521
روایت ہے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے فرماتی ہیں کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم ایک رکعت سے وتر پڑھتے تھے ۱؎ پھر دو رکعتیں پڑھتے جن میں قرأت بیٹھے ہوئے کرتے جب رکوع کرنا چاہتے تو کھڑے ہو جاتے پھر رکوع کرتے ۲؎(ابن ماجہ)
شرح
۱؎ اس کی شرح خود ام المؤمنین کی دوسری روایات میں گزر چکی کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم تین رکعت وتر پڑھتے تھے لہذا اس کے معنی بھی وہ ہی ہیں کہ ایک رکعت سے گزشتہ شفع کو وتر بناتے تھے تاکہ احادیث متعارض نہ ہوں۔
۲؎ خیال رہے کہ حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم وتر کے بعد کے نفلوں میں کبھی قرأت مختصر کرتے تھے،کبھی دراز۔مختصر کی حدیث حضرت ام سلمہ نے روایت کی اور دراز کی روایت حضرت عائشہ صدیقہ نے لہذا یہ حدیث گزشتہ حدیث کے خلاف نہیں،مختصر قرأت میں رکوع بیٹھ کر ہی کرتے تھے اور دراز قرأت میں کھڑے ہو کر کبھی کبھی بیٹھے بیٹھے۔(مرقات)