الفصل الثانی

دوسری فصل

حدیث نمبر 533

روایت ہے حضرت ابوذر سے فرماتے ہیں ہم نے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ روزے رکھے آپ نے مہینے میں ہمارے ساتھ بالکل قیام نہ فرمایا ۱؎حتی کہ سات دن باقی رہ گئے تب ہمارے ساتھ قیام کیا یہاں تک کہ تہائی رات گزر گئی پھر جب چھٹی رات ہوئی تو ہمارے ساتھ قیام نہ کیا پھر جب پانچویں رات ہوئی تو ہم کو نماز پڑھائی حتی کہ رات آدھی گزر گئی۲؎ میں نے عرض کیا یا رسول اﷲ کاش کہ آپ ان راتوں کا قیام ہمارے لیئے زائد فرمادیتے ۳؎ حضور نے فرمایا کہ انسان جب امام کے ساتھ نماز پڑھے حتی کہ فارغ ہوجائے تو اس کے لیئے ساری رات قیام شمار کیا جاتا ہے ۴؎ پھر جب چوتھی رات ہوئی تو ہمیں نماز نہ پڑھائی حتی کہ رات تہائی باقی رہ گئی ۵؎ پھر جب تیسری رات ہوئی تو اپنے گھر والوں اپنے بیویوں اور لوگوں کو جمع فرمایا ہمیں نماز پڑھائی حتی کہ ہم نے خوف کیا کہ ہماری فلاں جاتی رہے گی میں نے کہا فلاں کیا چیز ہے فرمایا سحری ۶؎ پھر بقیہ مہینہ نماز نہ پڑھائی(ابوداؤد،ترمذی)نسائی اور ابن ماجہ نے اس کی مثل روایت کی مگر ترمذی نے”لَمْ یَقُمْ”الخ کا ذکر نہ کیا۔

شرح

۱؎ یعنی خود تو تراویح پڑھتے رہے ہمیں جماعت سے نہ پڑھائیں جیسا کہ عبارت سے ظاہر ہے۔

۲؎ یعنی آپ نے تئیسو یں رمضان کو ہمیں تہائی رات تک تراویح پڑھائیں اور پچیسویں کو آدھی رات تک۔

۳؎ یعنی رمضان میں ہم پر تراویح فرض فرمادیتے۔معلوم ہوا کہ صحابہ حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم کو مالک احکام جانتے تھے۔

۴؎ یعنی عشاء جماعت سے پڑھ لینے سے تمام رات نوافل پڑھنے کا ثواب ہے لہذا تم تراویح نہ پڑھنے پرغم نہ کرو۔اس کی بحث پوری گزرچکی کہ اب تراویح سنت مؤکدہ ہے۔

۵؎ یعنی چھبیسویں رمضان ہم نے دو تہائی رات تک آپ کی تشریف آوری کا انتظار کیا لیکن آپ تشریف نہ لائے اور ہم کو تراویح نہ پڑھائیں۔اس کے سوا اس جملے کا اور مطلب نہیں بن سکتا۔

۶؎ یعنی ستائیسویں رات چونکہ غالبًا شب قدر ہے،اسی لے آپ نے خود بھی اس رات تمام رات عبادت کی اور اپنے گھر والوں وصحابہ کرام کو بھی جگایا اور اتنی دراز تراویح پڑھی کہ صبح کے قریب ہی ختم کیں۔خیال رہے کہ جمع کے معنی یہ ہیں کہ مسجد میں ان سب کو جمع کیا اس طرح کہ عورتیں علیحدہ،عورتوں کی صفیں علیحدہ اور مردوں کی علیحدہ اگر چہ اہل میں بیویاں بھی داخل تھیں مگر اظہار خصوصیت کے لیئے ان کا ذکر علیحد ہ ہوا،بعض شارحین نے اسے نمازتہجدسمجھاہے مگر صحیح یہ ہی ہے کہ یہ نماز تراویح تھی۔ان تمام احادیث میں تراویح کی رکعات کا ذکر نہیں۔اس کا ذکر اشارۃً تیسری فصل میں آرہا ہے ان شاءاﷲ وہاں ہی ذکر کیا جائے گا۔