فقاہت کا معنی

فقہ و افتا کو آسان کہنے والے ذرا ان شرائط و قیود کو صحیح طور پر پڑھ کر ہی دکھا دیں۔ سمجھنا تو درکنار ان شرائط کو صحیح طور پر پڑھنا لینا ہی بڑی بات ہوگی۔ پھر ان شرائط پر کھرا اترنا تو مستبعد و مستحیل ہی جانیں۔

امام اہل سنت فرماتے ہیں:

فقہ یہ نہیں کہ کسی جزئیہ کے متعلق کتاب سے عبارت نکال کر اس کا لفظی ترجمہ سمجھ لیا جائے یوں تو ہر اعرابی ہر بدوی فقیہ ہوتا کہ ان کی مادری زبان عربی ہے بلکہ فقہ بعد ملاحظہ اصول مقررہ و ضوابط محررہ و وجوہ تکلم و طرق تفاہم وتنیقح مناط و لحاظ انضباط و مواضع یسر و احتیاط و تجنب تفریط و افراط و فرق روایات ظاہرہ و نادرہ و تمیز درآیات غامضہ و ظاہر و منطوق و مفہوم و صریح و محتمل و قول بعض و جمہور و مرسل و معلل و وزن الفاظ مفتین و سیر مراتب ناقلین و عرف عام و خاص و عادات بلاد و اشخاص و حال زمان و مکان و احوال رعایا و سلطان و حفظ مصالح دین و دفع مفاسد دین و علم وجوہ تجریح و اسباب ترجیح و مناہج توفیق و مدارک تطبیق و مسالک تخصیص و مناسک تقیید ومشارع قیود و شوارع مقصود وجمع کلام ونقد مرام فہم مراد کانام ہے کہ تطلع تام واطلاع عام و نظر دقیق و فکر عمیق و طول خدمت علم و ممارست فن و تیقظ وافی و ذہن صافی معتاد تحقیق مؤید بتوفیق کا کام ہے، اور حقیقۃ وہ نہیں مگر ایک نور کہ رب عزوجل بمحض کرم اپنے بندہ کے قلب میں القا فرماتا ہے:وما یلقھا الا الذین صبروا وما یلقہا الا ذو حظ عظیم

اور یہ دولت نہیں ملتی مگر صابروں کو،اور اسے نہیں پاتامگر بڑے نصیب والا۔

(القرآن الکریم ۴۱/ ۳۵)

صدہا مسائل میں اضطراب شدید نظر آتا ہے کہ ناواقف دیکھ کر گھبراجاتا ہے مگر صاحب توفیق جب ان میں نظر کو جولان دیتا اور دامن ائمہ کرام مضبوط تھام کر راہ تنقیح لیتا ہے توفیق ربانی ایک سررشتہ اس کے ہاتھ رکھتی ہے جو ایک سچا سانچا ہو جاتا ہے کہ ہر فرع خود بخود اپنے محمل پر ڈھلتی ہے اور تمام تخالف کی بدلیاں چھنٹ کر اصل مراد کی صاف شفاف چاندنی نکلتی ہے اس وقت کھل جاتا ہے کہ اقوال سخت مختلف نظرآتے تھے حقیقۃ سب ایک ہی بات فرماتے تھے، الحمد ﷲ فتاوائے فقیر میں اس کی بکثرت نظیریں ملیں گی و للہ الحمد تحدیثا بنعمۃ ﷲ وما توفیقی الا باﷲ، وصلی ﷲ تعالی علی من امدنا بعلمہ وایدنا بنعمہ وعلی الہ وصحبہ وبارک وسلم امین والحمدﷲ رب العلمین۔

(فتاوی رضویہ جلد 16 صفحہ 376۔ 377 رضا فاونڈیشن)

بشکریہ محترم المقام مولانا محمد شفاء المصطفی صاحب

ترتیب و پیشکش مع تغییر و اضافہ

ابو الحسن محمد شعیب خان

8 جولائی 2020