اللہ جل شانہ کاساتھ

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : جب بندہ ذکر الٰہی کے لئے اپنے ہونٹوں کو ہلاتا ہے اور ذکر کرتا ہے تو اللہ تعالی اس کے ساتھ ہوتا ہے۔ (صحیح بخاری شریف)

میرے پیارے آقاﷺ کے پیارے دیوانو !اللہ عزوجل ہم گنہگاروں پر کتنا کرم فرماتا ہے کہ وہ اپنا ساتھ عطا فرمانا چاہتا ہے۔ ہم اگر اپنے ہونٹوں کو اور زبان کو ذکر الٰہی کیلئے جنبش دیتے ہیں تو اللہ عزوجل کا کرم اور اسکی رحمت نصیب ہوجاتی ہے۔ اسی لئے بزرگان دین رحمہم اللہ تعالی علیہم اجمعین فرماتے ہیں کہ ذکر الٰہی کے بغیر جو ساعت گذرتی ہے اس کے لئے کل بروز قیامت بندہ افسوس کرے گا کاش! میں نے یہ وقت اپنے اللہ عزوجل کے ذکر میں گذارا ہوتا۔ لہٰذا اپنے اوقات کی قدروقیمت کو سمجھیں اور ذکر الٰہی کرکے اللہ عزوجل کاکرم اور اس کی رحمت حاصل کریں۔ آج کا مسلمان جتنا وقت لباس جسم وغیرہ سنوارنے میں لگاتاہے اتنا وقت بھی اللہ عزوجل کے ذکر کیلئے نہیں دیتا۔ خدارا خدارا ! ایسی محفلوں کو تلاش کرو جہاں اللہ عزوجل کا ذکر ہو تا ہواورانبیاء کرام علیہم السلام اور بزرگان دین کا ذکر ہوتا ہو خداراکچھ وقت اپنے اللہ عزوجل اور سرکار رحمت عالم ﷺ کے ذکر کے لئے قربان کرو کہ اس کا فائدہ دنیا وآخرت دونوں میں آپ دیکھیں گے۔

ان شاء اللہ۔ اللہ عزوجل ہم سب کو ذکر کی محفلوں میں شرکت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین