أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مَا خَلۡقُكُمۡ وَلَا بَعۡثُكُمۡ اِلَّا كَنَفۡسٍ وَّاحِدَةٍ‌ ؕ اِنَّ اللّٰهَ سَمِيۡعٌۢ بَصِيۡرٌ ۞

ترجمہ:

تم سب کو پیدا کرنا اور تم سب کو دوبارہ زندہ کرنا ( اس کے نزدیک) ایک جان کی مانند ہے ‘ بیشک اللہ خوب سننے والا ‘ خوب دیکھنے والا ہے

تفسیر:

اس کے بعد فرمایا : تم سب کو پیدا کرنا اور تم سب کو دوبارہ زندہ کرنا ( اس کے نزدیک) ایک جان کی مانند ہے۔ (لقمان : ٢٨ )

یہ آیت ابی بن خلف ‘ ابی الاشدین اور منبہ اور نبیہ کے متعلق نازل ہوئی ہے انہوں نے نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے کہا اللہ تعالیٰ نے کئی مراحل میں ہماری تخلیق کی ہے ‘ پہلے نطفہ بنایا ‘ پھر جما ہوا خون بنایا ‘ پھر گوشت کی بوٹی بنایا پھر ہڈیاں بنائیں اور آپ یہ کہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ تمام مخلوق کو ایک ساعت میں دوبارہ پیدا کردے گا ! تب اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی کہ جو چیزیں بندوں پر دشوار ہوتی ہیں وہ اللہ پر دشوار نہیں ہوتیں ‘ اس کے لیے تمام عالم کو پیدا کرنا ایک جان کو پیدا کرنے کے برابر ہے۔

تبیان القرآن – سورۃ نمبر 31 لقمان آیت نمبر 28