شہزادۂ شارح بخاری مولانا ڈاکٹر محب الحق کی رحلت
شہزادۂ شارح بخاری مولانا ڈاکٹر محب الحق کی رحلت
٢٩ جولائی کی صبح یہ اطلاع باعث رنج ہوئی کہ شارح بخاری مفتی محمد شریف الحق امجدی علیہ الرحمۃ کے فرزند جناب مولانا ڈاکٹر محب الحق قادری (گھوسی یوپی) رحلت فرما گئے- انا للہ وانا الیہ راجعون- ڈاکٹر موصوف ایک کامیاب معالج تھے- ادیب و محقق تھے- اللہ تعالیٰ! ان کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین بجاہ حبیبہٖ سید المرسلین علیہ الصلوٰۃ والتسلیم-
١٦ جون بروز اتوار ٢٠١٩ء؛ پونہ کی سرزمین پر امام احمد رضا نیشنل سیمینار میں ڈاکٹر محب الحق قادری صاحب تشریف لائے تھے، جناب ڈاکٹر سعید احسن قادری صاحب (زیڈ وی ایم یونانی میڈیکل کالج پونہ) کی دعوت پر موصوف کی شرکت ہوئی تھی- جہاں “امام احمد رضا کے تلامذہ کی علمی و فنی مہارت” پر مقالہ خوانی کی تھی؛ ڈاکٹر موصوف سے ظہرانے میں میری کافی دیر تک گفتگو رہی- موصوف نے بتایا تھا کہ میرے والد حضور شارح بخاری مفتی محمد شریف الحق امجدی علیہ الرحمۃ نے مجھے مالیگاؤں میں حصولِ علم کے لیے بھیجا تھا؛ کئی سال تک میں نے عالم کورس کی پڑھائی مالیگاؤں میں کی- ڈاکٹر صاحب نوری مشن مالیگاؤں کی مطبوعات کو پسند فرماتے تھے- اکثر مجھے فون کرتے اور علمی گفتگو کرتے، اعلیٰ حضرت پر ہونے والے تحقیقی امور پر روشنی ڈالتے اور فروغِ فکرِ رضا کے سلسلے میں کام کی افادیت اجاگر کرتے- بہر حال آپ کا وصال علمی بزم کا بڑا نقصان ہے- اللہ تعالیٰ آپ کی خدمات قبول فرمائے- آمین-
غلام مصطفیٰ رضوی
نوری مشن مالیگاؤں
٢٩ جولائی ٢٠٢٠ء