عرش کی سفارش

ایک اور روایت ہے کہ اللہ کے مقدس رسول تاجدارِ کائنات ﷺ منبر پر وعظ فرما رہے تھے کہ ایک اعرابی حاضر ہوئے (دیہات کے رہنے والے) اور عر ض کیا یا رسول اللہﷺ! میں گناہ گار ہوں اور گناہ بھی بہت رکھتا ہوں آپ نے بیٹھنے کیلئے فرمایاجب آپ وعظ سے فارغ ہوئے تو آپ نے اس اعرابی کو یاد فرمایا وہ حاضر ہوئے اور اپنا حال عرض کیا۔ آپ نے فرمایا کیا تیرے گناہ ستاروں سے بھی زیادہ ہیں ؟اس نے کہا ہاںپھر آپ نے فرمایا کیا تیرے گناہ صحراء کی ریت سے بھی زیادہ ہیں؟ اس نے کہا ہاں پھر آپ نے فرمایا تیرے گناہ بارش کے قطروں سے بھی زیادہ ہیں؟ اس نے کہا ہاں پھر آپ نے فرمایاکیا تیرے گناہ درختوں کے پتوں سے بھی زیادہ ہیں؟ اس نے کہا ہاں پھر آپ نے فرمایاکہ تیرے گناہ خدا کی رحمت سے بھی زیادہ ہیں ؟ وہ شخص اس کے جواب میں خاموش ہوگیا اور رونے لگاآپ نے فرمایا کچھ غم نہ کر یہ کلمہ پڑھ’’لَااِلٰہَ اِلَّااللّٰہُ‘‘خدا تیرے سب گناہ بخش دیگا۔ اگر چہ کتنے ہی کیوں نہ ہو ںاور فرمایا جو کوئی رات دن میںیہ کلمہ پڑھتا ہے اور لآ کی مد کو کھینچتا ہے تو اللہ جل شانہ اس کے چار ہزار گناہ معاف فرما دیتا ہے اور فرمایا جب بندہ یہ کلمہ پڑھتا ہے عرش کو جنبش ہوتی ہے حکم ربی ہوتا ہے اے عرش ! ساکن ہوجاعرش عرض کرتا ہے اے اللہ !کلمہ پڑھنے والے کو بخش دے تاکہ میں سکون کی حالت میں رہوں رب قدیر ارشاد فرماتا ہے میں نے بخش دیا۔

میرے پیارے آقاﷺ کے پیارے دیوانو! اگر ہم اپنی زند گی کا حساب لگائیں کہ زندگی بھر میں کتنے گناہ کئے تو میں سمجھتا ہوں کہ ایسا محسوس ہوگا کہ پوری زندگی گناہوں میں گزری ہے لیکن اللہ عزوجل کے پیارے حبیب ﷺ اللہ عزوجل کی رحمت کو گناہوں سے زیادہ فرما کر تسلی دے رہے ہیں تاکہ تیرے گناہوں سے اللہ عزوجل کی رحمت زیادہ ہے سچے دل سے کلمہ پڑھ لے اللہ عزوجل تیرے جملہ گناہوں کو معاف فرمادیگا اور پورے کلمہ کی بات تو بہت بلند ہے صرف کلمہ’’لآ‘‘ کی مد کو اگر کھینچ کر ادا کرے گا تو میرا مولیٰ عزوجل اس کے عوض میں چار ہزار گناہ معاف فرما دیگا یہاں کلمہ طیبہ پڑھنے سے مراد یہ ہے کہ کلمہ طیبہ پڑھنے والاسچے دل سے توبہ کرے اور آئندہ گناہ نہ کرنے کاعہد کرے۔ سُبْحََانَ اللّٰہِ ! خوش نصیب ہیں وہ لوگ جو اپنے اللہ عزوجل کا ذکر اور کلمہ طیبہ کی کثرت کرتے ہیں۔ اللہ عزوجل ہمیں بھی کلمہ طیبہ کی برکتوں سے مالا مال فرمائے اور اپنی رحمت کا حقدار بنائے۔ آمین بجاہ النبی الکریم علیہ افضل الصلٰوۃ والتسلیم