💕 بسم اللہ والحمد للہ والصلوۃ والسلام علی حبیب اللہ 💕

🌷شیخ اکبرمحی الدیں ابن عربی کی عبارت اور جاوید غامدی 🌷

آج صبح سے متعدد بار جاوید غامدی کی ایک نئی ویڈیو متعدد مرتبہ دیکھ چکا جس میں وہ شیخ اکبر محی الدین ابن عربی رحمۃ اللہ تعالی علیہ کی ایک عبارت کی انتہائی گمراہ کن اور کافرانہ تشریح و توضیح بیان کر رہے ہیں جس سے اسلام کے بنیادی عقیدے ختم نبوت پر زد آتی ہے. حالانکہ شیخ اکبر کی عبارت کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے، جو غامدی صاحب بیان کر رہے ہیں

.

جاوید احمد غامدی صاحب کہتے ہیں کہ شیخ اکبر رحمۃ اللہ تعالی علیہ نے فتوحات مکیہ میں فرمایا ہے کہ :

ختم نبوت کا معنی یہ نہیں کہ نبوت کا مقام اور اس کے کمالات ختم ہوگئے ہیں بلکہ صرف یہ ہے کہ اب جو نبی بھی ہو گا سیدنا محمد رسول اللہ کا پیروکار ہو گا “

غامدی صاحب شیخ اکبر کی اس کا عبارت کی توضیح کرتے ہوئے کہتے ہیں :

“یعنی نبوت آسکتی ہے ، نبوت کا مقام بھی حاصل ہو سکتا یے اور نبوت کے کمالات بھی حاصل ہو سکتے ہیں۔بس یہ ہے کہ اب وہ شخص محمد رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم کی شریعت کو مانے گا ۔ اس میں کوئی تغیر، ترمیم، اضافہ، کمی و بیشی نہیں کر سکتا. نبی آ جائے گا.”

فقیر قادری کہتا ہے :

شیخ اکبر کی مراد تو بالکل واضح ہے اور اہل سنت و جماعت کا بنیادی عقیدہ ہے کہ نبی سے نبوت کا زوال جائز نہیں ۔ یہ ممکن ہی نہیں کہ کوئی پہلے نبی ہو اور بعد میں اس سے وصف نبوت زائل ہو جائے اور وہ نبی نہ رہے۔ لہذا یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ ہمارے آقا علیہ الصلوۃ والسلام کو اللہ پاک کی طرف سے عطا کردہ ختم نبوت کا مقام اور وصف زائل ہو جائے – یہ نا ممکن ہے۔ یہ عقیدہ اہل سنت کی عقائد کے حوالے سے لکھی گئی تقریبا تمام بنیادی کتابوں میں بیان ہوا یے ۔

اسی طرح عبارت کے دوسرے حصے سے مراد ہر گز یہ نہیں ہے کہ کوئی نیا نبی مبعوث ہو سکتا ہے. بلکہ اس سے مراد یہ ہے کہ کوئی پہلے نبی ہو اور پھر حضور علیہ الصلوۃ والسلام کے وصال کے بعد دنیا میں تشریف لائے تو اس کو حضور علیہ الصلوۃ والسلام کی شریعت کی ہی پیروی کرنا پڑے گی ۔ جیسا کہ حضرت عیسی علیہ السلام جب تشریف لائیں گے وہ نبی تو ضرور ہوں گے لیکن وہ نہ تو آخری نبی ہوں گے اور نہ ہی اپنی شریعت کے مطابق عمل کریں گے بلکہ ہمارے آقا علیہ الصلوۃ والسلام کی شریعت کے مطابق ہی زندگی گزاریں گے ۔

حالانکہ شیخ اکبر نے مذکورہ بالا عبارت ذکر کرنے کے ساتھ متصل ہی حضرت عیسی علیہ السلام کا ذکر کیا اور مثال دے کر بات سمجھائی یے۔ شیخ اکبر کی مراد بالکل واضح ہے۔ مگر غامدی صاحب زبردستی بات کا غلط معنی نکال کر عوام کو گمراہ کرنے کے چکر میں ہیں۔

میرا ارادہ نہیں تھا کہ اس مضمون کو تحریر کروں کہ خوامخواہ عوام ایک نئے فتنے سے دوچار ہوں۔ لیکن بعض افراد کی اس ویڈیو کے حوالے سے پریشانی اور تذبذب دیکھ کر یہ تحریر کرنا پڑا.

اللہ تعالی ہمیں ایسے فتنوں سے محفوظ فرمائے ۔ امین بجاہ النبی الامین صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم. 💕🌹

محمد کاشف اقبال قادری. 🌹

9 آگست 2020ء

Kashif Iqbal