سب سے بہتر شاخ

رحمت عالم ﷺ نے ارشاد فرمایا ایمان کی ستر سے زیادہ شاخیں ہیں ان میں سب سے بہتر کلمئہ لاالہ الااللہ ہے اور سب سے چھوٹی شاخ تکلیف دہ چیزوں کو لوگوں کے راستے سے دور کردینا اور شرم وحیاء ایمان کی شاخ میں سے ایک شاخ ہے۔ (بخاری شریف)

میرے پیارے آقا ﷺ کے پیارے دیوانو!ہر نیک عمل کا دارومدار ایمان پر ہے ایمان در حقیقت اصل ہے اور نیک اعمال اس کی شاخ رحمت عالم ا نے فرمایا کہ ایمان کی ستر شاخیں ہیں۔ ان میں سب سے بہتر کلمۂ ’’لَااِلٰہَ اِلَّااللّٰہُ‘‘ہے یعنی ثواب میں بے حد زیادہ ہے اسلئے کہ اس میں بندہ اللہ تعالیٰ کے علاوہ ہر کسی کے معبود ہونے کا انکار کرتا ہے اور حضور ا کو اللہ تعالیٰ کا رسول مانتا ہے اور ایمان کی سب سے چھوٹی شاخ راستے سے تکلیف دہ چیزوں کو دور کرناہے اور ایمان کی شاخوں سے شرم وحیاء بھی ایمان کی شاخ ہی ہے لہٰذا کلمئہ طیبہ کا ورد کریں اور راستے سے تکلیف دہ چیزوں کو بھی ہٹائیں اور شرم وحیاء کو بھی اپنائیں۔ اللہ عزوجل ہم سب کو توفیق نصیب فرمائے۔آمین بجاہ النبی الکریم علیہ افضل الصلٰوۃ والتسلیم