#نور_الایضاح آپ میں سے اکثر لوگوں نے حرفا حرفا پڑھا ہوگا۔ بر صغیر کے سارے مدارس نظامیہ میں داخل نصاب ہے۔ سچ پوچھیں تو فقہ حنفی میں اس سے مختصر اور جامع کتاب نہیں لکھی گئی۔ اس کے مشمولات طلبہ کو آگے کی فقہی مطولات میں روح کا کام کرتی ہیں۔ نور الایضاح کی اختصار اور جامعیت کی خوبی اسے دوسری کتابوں سے ممتاز کرتی ہے۔

کتاب کا پورا نام ”نور الايضاح و نجاة الارواح“ ہے۔ مصنف ہیں شیخ ابو الاخلاص حسن_بن_عمار_شرنبلالی_حنفی مصری علیہ الرحمہ (م ١٠٧٩ھ )۔ مصنف نے یہ کتاب اپنے بعض محبین کے لئے لکھی، جب ضرورت محسوس کیا کہ کئی مقامات وضاحت طلب ہیں، کہیں کہیں عبارت مبہم ہوگئی ہے، توضیح و تشریح کی ضرورت ہے، تو خود ہی اس کی مختصر شرح ”مراقي الفلاح بامداد الفتاح“ کے نام سے لکھ دی۔

آج میری توجہ کی چیز کتاب ہے نہ ہی اس کی شرح؛ بلکہ جس چیز نے مجھے اس مشہور کتاب کا تجزیہ لکھنے پر مجبور کیا، وہ اس کا حاشیہ ہے۔

دعوت اسلامی کی ”مكتبة المدينة“ نے، نور الایضاح اور مراقی الفلاح کو ”النور و الضياء من افادات الامام احمد رضا“ نام کے حاشیے کے ساتھ شایع کیا ہے۔ نام سے آپ سمجھ گئے ہوں گے کہ حاشیے شیخ الاسلام حضور اعلی حضرت امام احمد رضا خان رحمة اللہ علیہ کے افادات پر مشتمل ہیں؛ لیکن آپ کو کہیں پر بھی افادات کا گمان نہیں ہوگا، بلکہ مستقل اور مکمل حاشیہ ہی لگتا ہے۔ یہ یقیقنا دعوت اسلامی کی مجلس المدینة العلمیة کے علما کی محنت شاقہ کا نتیجہ ہے۔ جد الممتار کے بعد رضویات میں دعوت اسلامی کا یہ نمایاں کام کہا جا سکتا ہے۔

ترتیب یہ ہے کہ صفحے میں پہلے نور الایضاح کی عبارت ہے، نیچے مراقی کی شرح اور پھر امام احمد رضا بریلوی کے افادات۔ افادات عام فہم اور سلیس عبارتوں میں لکھے گئے ہیں، جن کا سر چشمہ فتاوی رضویہ شریف ، جد المتار اور حضرت امام کی دوسری کتب فقہ پر لکھی گئیں حواشی و تعلیقات ہیں۔ امام احمد رضا خان بریلوی علیہ الرحمہ کی عادت کریمہ تھی، دوران مطالعہ کتابوں میں حاشیہ بھی لکھ دیا کرتے۔ ماہر رضویات پروفیسر مسعود احمد مجددی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں، ”راقم کے کتب خانے میں صرف علم حدیث کے متعلق امام احمد رضا علیہ الرحمہ کے ٢١ مخطوطات موجود ہیں“۔ (جامع الاحادیث، مقدمہ ، ٦٥) حضرت امام نے فقہ میں تین سو کے قریب کتابیں تصنیف فرمائیں، فقہ حنفی کی ہدایہ، کتاب الخراج، فتح القدیر، بدائع و الصنائع، فواتح الرحموت، الجوہرہ، البحر الرائق، مجمع الانہر، فتاوی ہندیہ، فتاوی حدیثیہ، فتاوی خیریہ وغیرہ ٣٥ کتابوں پر حواشی و تعلیقات ہیں۔

زیر نظر حاشیہ آپ کے گراں قدر افادات پر مشتمل ہے۔ ملک العلماء علیہ الرحمہ فرمایا کرتے، ”اعلی حضرت کے افادات بھی افادات ہوتے ہیں“۔ (مقدمہ صیح البہاری)۔ نور الایضاح ویسے تو میں آج مسلسل آٹھ سالوں سے پڑھا رہا ہوں؛ لیکن جو لطف مندرجہ شرح اور امام احمد رضا خان فاضل بریلوی علیہ الرحمہ کے افادات کے ساتھ پڑھنے میں آیا، اس کی چاشنی میرا ذوق مطالعہ کبھی فراموش نہیں کر پاۓ گا۔ اس دور میں کتابوں کی عمدہ اور معیاری اشاعت ہی کمال ہے، فقہ کی کسی کتاب کو فاضل بریلوی کے افادات کے ساتھ شائع کرنا سونے پہ سہاگا ہے۔ نور الایضاح کے مصنف کے حالات بہت مختصر ہے، اس کمی کے علاوہ ساری باتیں قابل تعریف ہیں۔

تجزیہ نگار: انصار احمد مصباحی

کتاب یہاں 👇 سے پڑھ / ڈاونلوڈ کر سکتے ہیں

الوصف:

إليكم كتاب نور الإيضاح ومراقي الفلاح مع حاشيته المميزة التي قام بها الشيخ الإمام أحمد رضا خان رحمه الله، كتاب مفيد غني لا يستغني عنه أي طالب علم لدراسة الفقه الحنفي وقد وضعه مركز الدعوة الإسلامية بين يديكم مجّاناً

نور الإيضاح مع مراقي الفلاح