رنجشیں اچھی نہیں
رنجشیں اچھی نہیں
ہم اہل_ سنت ہیں ۔ ہم سواد_ اعظم ہیں۔ ہم توحید پر متفق ہیں۔ ہم شان _ رسالت پر متفق ہیں۔ ہم عظمت_ صحابہ پر متفق ہیں۔ ہم حب_ اہل_ بیت پر متفق ہیں۔ ہم نسبت _ اولیاء پر متفق ہیں۔ ہم ندائے یا رسول اللہ پر متفق ہیں ۔ ہم حیاةالنبی کے عقیدے پر متفق ہیں ۔ ہم وسیلہ و استمداد پر متفق ہیں ۔ ہم سماع_ موتی پر متفق ہیں۔ ہم محفل_ میلاد کے انعقاد پر متفق ہیں ۔ ہم ایصال_ ثواب پر متفق ہیں۔ ہم خدا داد علمغیب مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے عقیدے پر متفق ہیں۔ ہم شفاعت_ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم پر متفق ہیں۔ ہم اماماہلسنت ، عظیم البرکت، اعلی حضرت پر متفق ہیں ۔ ہم حضرت صدر الافاضل مولانا نعیم الدین مراد آبادی پر متفق ہیں۔ ہم صاحب_ بہار_ شریعت پر متفق ہیں۔ ہم غزالئ_ زماں کاظمی شاہ صاحب پر متفق ہیں ۔ ہم محدث_ اعظم پاکستان پر متفق ہیں۔ ہم جمیع اکابراہل سنت پر متفق ہیں۔ ہمارا نظریہ ایک ہے۔ ہمارا عقیدہ ایک ہے۔ ہمارا مقصد ایک ہے ۔ ہماری منزل ایک ہے۔ فرق ہے تو راستے کے تعین کاہے۔ اپنے ذوق کا ہے ۔ اپنے مزاج کا ہے اپنی ترجیحات کا ہے۔ ہمیں ایک دوسرے سے شکایت ہو سکتی ہے گلہ ہو سکتا ہے۔ رائے کا اختلاف ہو سکتا ہے ۔ طریقہ کار سے اختلاف ہو سکتا ہے۔ لیکن ہم مل بیٹھ کر گلے شکوے دور کر سکتے ہیں بات چیت سے غلط فہمیاں دور ہو سکتی ہیں ۔ دور سے لگائے جانے والے اندازے اکثر غلط ہوتے ہیں ۔ اختلافات مخالفت میں بدل جاتے ہیں۔
ہم آپس میں کیوں لڑیں؟ ایک دوسرے سے بد گمان کیوں ہوں؟
اپنی جمعیت کو کمزور کیوں کریں؟ ہماری لڑائی آپس میں تو نہیں ہمیں تو لا دینیت کے خلاف لڑنا ہے ہماری محاذآرائی تو مادر پدر آزاد خیال لوگوں سے ہے ۔ہماری بحث تو غامدی سے ہے۔
ہمارے سامنے تو اسلام کی سر بلندی کا سوال ہے۔ ہم نے تو اسلام کی حقانیت کو ثابت کرنا ہے۔
آئیے مل بیٹھ کر گلے شکوے دور کر لیتے ہیں۔ چھوٹے چھوٹے اختلافات کو بھلانے کی کو شش کرتے ہیں ۔ ہماری الجھنیں دور ہو سکتی ہیں ہماری غلط فہمیاں ختم ہو سکتی ہیں۔ لیکن ضروری ہے کہ ہم آپس میں میل جول رکھیں ایک دوسرے سے ملاقات کریں دل میں جو خلش ہے اس کا اظہار اسی سے کریں جس کے بارے میں وہ خلش ہے ۔ گھر کی بات گھر میں رکھیں فاصلے مٹائیں دوریاں ختم کریں کیونکہ
دوریاں اچھی نہیں اور فاصلے اچھے نہیں
دوستی میں دشمنی کے سلسلے اچھے نہیں
غیر کی باتوں میں آکر ہو نہ مجھ سے بد گماں
رنجشیں اچھی نہیں شکوے گلے اچھے نہیں
بابر حسین بابر
دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریف