بارہ ربیع الاول کیسے منائی؟
بسم اللہ الرحمن الرحیم
از مفتی محمد قاسم قادری 21، اکتوبر 2020ء
بارہ ربیع الاول کیسے منائی؟
آئیے، بارہ ربیع الاول کا مبارک دن اسی طرح جوش و خروش سے منائیں جیسے صدیوں سے ائمہ دین اور علماء و محدثین مناتے آئے ہیں۔ آئیے, وہ دن منائیں جس کی فضیلت جلیل القدر محدث علامہ حافظ شمس الدین دمشقی،امام تقی الدین سبکی، امام سخاوی، علامہ ابن حجر مکی، علامہ جلال الدین سیوطی، ملاعلی قاری، شیخ عبدالحق محدث دہلوی، اور دیگر اکابر علماء نے بیان فرمائی ہے۔ آئیے آمدِ مصطفی ﷺ کا دن ویسے منائیں جیسے نزول ِ قرآن کی رات یعنی شبِ قدر مناتے ہیں۔ آئیے، خالقِ کائنات کی سب سے بڑی نعمت محمد مصطفی ٰ ﷺ کی تشریف آوری کے دن کو ایسے عید بنائیں جیسے حضرت عیسی ٰ علیہ السلام نے آسمان سے کھانے کی نعمت اترنے کے دن کو عید قرار دیا تھا۔ آئیے، میلاد کی محفلیں سجا کرایسے نعتیں پڑھیں جیسے صحابی رسول حسان بن ثابت منبر پر کھڑے ہوکر رسول کریم ﷺ کے سامنے نعتیں پڑھتے تھے۔ آئیے، تعظیم و محبت کے ساتھ عید میلاد النبی منانے کے ساتھ نبی کریم ﷺ کی آنکھوں کی ٹھنڈک نماز کو اپنی زندگی میں شامل کریں، آپ کے حسن ِ اخلاق کی پیروی کریں، آپ ﷺ کی صادق و امین شان کی محبت میں اپنی زندگی میں سچ اور دیانت داری کو شامل کرلیں۔